ریاض :سعودی امدادی ایجنسی کے ایس ریلیف نے جنگ زدہ یمن اور شام میں اہم ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سول سوسائٹی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔سعودی پریس ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ یمن میں ایک اعشاریہ پانچ ملین ڈالر کے معاہدے سے ناخواندہ طلباء اور معذور افراد کو تعلیم دینے کے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد ہو گا۔یہ معذور افراد کے تحفظ، نگہداشت اور بحالی کے شعبوں میں کام کرنے والے مراکز اور سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ خواندگی کے سکولوں کی ادارہ جاتی صلاحیتیں بڑھانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
یہ منصوبہ عدن، لحج، الضالع، شبوۃ، حضرموت اور المہرۃ گورنری میں چلایا جائے گا جس سے کُل 8,975 افراد مستفید ہوں گے۔شام میں کے ایس ریلیف نے ایک سول سوسائٹی تنظیم کے ساتھ ایک مشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کیے ہیں تاکہ حلب کے علاقے جندیرس میں کئی کیمپوں میں 2023 کے زلزلہ متأثرین کے لیے 300 عارضی رہائش گاہیں فراہم کی جائیں۔ اس اقدام سے 1,330 افراد پر مشتمل 300 خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔معاہدے کے تحت ہدفی کیمپوں میں کپڑے سے بنے ہوئے موجودہ خیموں کو 300 عارضی رہائشی یونٹس سے تبدیل کر دیا جائے گا جن میں سے ہر ایک میں دو کمروں، باورچی خانے کے ساتھ ایک ہال اور ایک غسل خانہ 30 مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل ہو گا۔
معاہدوں پر کے ایس ریلیف کے نائب سپروائزر جنرل آف آپریشنز اینڈ پروگرامز انجینئر احمد البیض نے دستخط کئے جو تنازعات سے متأثرہ علاقوں میں لوگوں کی بنیادی ضروریات کو محفوظ بنانے کے لیے سعودی عرب کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔












