نئی دہلی،26دسمبر،سماج نیوز سروس: کانگریس پارٹی کی جانب سے گذشتہ دنوں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی بے عزتی کے خلاف دہلی کے تمام اضلاع میں مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران سنٹرل ضلع کانگریس کی جانب سے بھی نہ صرف مظاہرہ کیا گیا بلکہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو میمورنڈم بھی دیا گیا ۔ اس موقع سابق ریاستی وزیر ہارون یوسف، سابق ریاستی ممبر اسمبلی انل بھاردواج، راجیش جین، ٹھاکر داس کے علاوہ شہر ضلع چاندنی چوک کانگریس کمیٹی کے نائب صدر سعید خان بھی موجود تھے۔ سعید خان نے بتایا کہ سینٹرل ضلع کانگریس کی جانب سے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا اپمان نہیں سہے گا ہندوستان جیسے نعروں کے ساتھ مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے بعد صدر جمہوریہ ہند کو ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ میمورنڈم سونپا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو برخاست کیا جائے ان کا استعفیٰ لیا جائے۔ کیونکہ انہوں نے ہندوستان کے قانون بنانے والے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر پارلیمنٹ میں بے عزتی کی اور ان کے خلاف نازیبہ کلمات ادا کئے گئے۔ یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے ہندوستان کے آئین کو لکھا۔ پسماندہ اور شیڈول کاسٹ طبقے کو ان کے حقوق دلانے کے لیے ایک لمبی لڑائی لڑی۔ ایسی عظیم شخصیت کے خلاف پارلیمنٹ میں بیان دینا نہ صرف ہندوستانی آئین بلکہ ہندوستانی سماج کے بھی خلاف ہے۔ ہم نے ضلع مجسٹریٹ کو میمورنڈم دے کر مطالبہ کیا ہے کہ امت شاہ کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہئے۔












