
اورائی (ارشاد قاسمی) : مدرسہ دارالملت رامپور سگھری بلبھدر پور، اورائی مظفرپور میں ماہر تعلیم امتیاز احمد کریمی کی صدارت میں میٹرک میں کامیاب طلبہ کے اعزاز میں تقسیم انعامات پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جناب کریمی نے تمام کامیاب طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے کہا کہ بھوکے رہیں، پرانے کپڑے پہنے اور زمین بیچ دیں مگر اعلی تعلیم حاصل کرنے میں ذرہ برابر کمی نہ کریں۔ محنت کریں اور محنت سے ہی کامیابی ملتی ہے۔ آپ کے اندر اگر صلاحیت ہوگی تو کہیں پر بھی آپ سے بھید بھاؤ اور امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔ آپ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیم حاصل کریں اور ملک و ملت کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر مدرسہ پلس بہار کے ایڈمنسٹریٹر صالح عمر ندوی نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جہاں بھی رہیں اور جو بھی تعلیم حاصل کریں وہ مبارک لیکن اپنی پہچان اور شناخت، اپنے کلچر اور تہذیب کو نہ بھولیں کیونکہ جس قوم نے اپنی تہذیب اور کلچر کو بھلایا وہ صفحہ ہستی سے سدا کے لئے مٹا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تین طاقتوں نے راج کیا پیسہ کی طاقت، ایٹمی طاقت اور علم کی طاقت۔ اول الذکر و ثانی الذکر بغیر تعلیم کے حاصل نہیں ہوسکتی اور آج جس طاقت کا قبضہ ہے وہ علم کی طاقت ہے۔ مدرسہ دارالملت کے پرنسپل مولانا نظام الدین اسامہ ندوی نے کہا کہ علم بغیر تربیت کے ایساہی ہے جیسے کہ ٹارچ بغیر سیل کے۔ تعلیم کی کمی پوری ہوسکتی ہے لیکن تربیت کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔ آج آپ کا سر کتابوں کے سامنے جھکے گا تو کل دنیا کے سامنے بلند رہے گا۔ نیز پرنسپل صاحب نے مزید تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور طلباء کو بہتر مستقبل کے لیے محنت کرنے کی ترغیب دی اور ڈگریاں حاصل کرنے کے ساتھ کوالیٹی اور صلاحیت کے حصول پر زور دینے کی تاکید کی۔ واضح رہے کہ شاہین مدرسہ پلس کے وہ طلباء جنہوں نے این آئی او ایس (NIOS) سے دسویں کلاس میں امتیازی نمبرات حاصل کیے ان کو انعامات سے نوازا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر دارالملت نے بہار کے مدرسہ پلس کے تمام طلبہ کا خیر مقدم کیا۔ ان کی بہترین کامیابی کو ان کے لیے، ان کے والدین کے لیے، مدرسہ انتظامیہ کے لیے اور شاہین پلس کے تمام ذمہ داروں کے لیے خاص طور سے ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب کے لیے باعث افتخار بتایا۔ اس پروگرام میں پورے بہار سے طلباء وطالبات اور ان کے گارجین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے اس تقریب کو مزید یادگار بنایا۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض فیض احمد ندوی استاذ شاہین مدرسہ پلس دارالملت نے انجام دی۔ تلاوت عزیزم مسیحا ،نعت رسول عزیزم محمد مرتضی نے گنگنایااور انگریزی میں تقریر عزیزم عبد الرحمن اور عزیزم حسن الزماں نے کیا۔یہ تقریب نہ صرف تعلیمی کامیابیوں کو سراہنے کا موقع تھا بلکہ اس میں شامل افراد نے ایک دوسرے کی کامیابیوں کا جشن بھی منایا، جو کہ مدرسہ دارالملت کے تعلیمی معیار کا ایک مظہر ہے۔ واضح ہو کہ اس وقت مدرسہ دارالملت میں 11ویں اور بارہویں اور ساتھ ہی نیٹ کی تیاری بھی ماہرین اساتذہ کے ذریعے کرائی جا رہی ہے۔











