
حاجی پور، 26 فروری: بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے زیر اہتمام منعقد درجہ وسطانیہ کا امتحان ویشالی ضلع کے معروف تعلیمی ادارے مدرسہ اشرف العلوم مرادآباد میں نہایت ہی خوشگوار اور پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔ امتحان کا آج آخری پرچہ سائنس کا تھا، جسے طلبہ نے نہایت سنجیدگی اور محنت کے ساتھ حل کیا۔ کہیں سے کوئی بدنظمی نہیں دیکھی گئی۔اس موقع سے پرنسپل ابوبکر صدیقی نے بتایا کہ امتحان مرکز پر نظم و ضبط کا خاص خیال رکھا گیا تھا، جس سے طلبہ کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ جبکہ مدرسہ انتظامیہ، امتحان ہال کے انچارج اور نگرانی کے فرائض انجام دینے والے اساتذہ نے امتحان کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔طلبہ نے بھی امتحانی نظم و نسق پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام مضامین کے پرچے نصاب کے مطابق اور متوازن تھے، جس سے انہیں اپنی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے پیش کرنے کا موقع ملا۔ والدین اور اساتذہ نے بھی مدرسہ انتظامیہ اور بورڈ کے اقدامات کی ستائش کی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ امتحان کے کامیاب انعقاد کے لیے مدرسہ کے اساتذہ، عملہ اور دیگر ذمہ داران نے مکمل مستعدی کے ساتھ فرائض کو انجام دیا ہے۔ جن میں خاص طور سے ماسٹر محمد صابر حسین، حافظ و قاری اصغر علی، ماسٹر محمد شوکت صدیقی، ماسٹر محمد ذاکر صدیقی، حافظ و مولانا شیر علی، مولانا کمال الدین فیضی، مولانا قیام الدین مصباحی اور مولانا صدر عالم ندوی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیںآخر میں امید کی جا رہی ہے کہ تمام طلبہ محنت اور لگن کے ساتھ شاندار نتائج حاصل کریں گے، جس سے ان کے تعلیمی سفر میں مزید ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔











