
بہارشریف(محمد راشد عالم) راجگیر میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے تربیتی مرکز میں منگل کی اولین ساعتوں میں ایک سپاہی کی مشتبہ حالات میں موت ہو گئی۔متوفی کی شناخت 24 سالہ پکھراج بریلا کے طور پر ہوئی ہے جو کہ راجستھان کے بیکانیر ضلع کا رہائشی ہے،جو اجمیر گروپ سینٹر کا ٹرینی تھا۔سی آر پی ایف راجگیر کیمپ کے ڈی ایس پی چندن کمار تیواری نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پکھراج بریلا 10 فروری سے یہاں ٹریننگ کر رہا تھا اور وہ اپنی ٹریننگ کے پانچویں ہفتے میں تھا۔پیر کی رات وہ اپنی بیرک میں معمول کے مطابق سو گیا،لیکن صبح جب اس کے ساتھیوں نے اسے جگانے کی کوشش کی تو اس نے کوئی جواب نہیں دیا،ابتدائی معلومات کے مطابق جب ساتھی فوجیوں نے پکھراج کی حالت مشکوک دیکھی تو انہوں نے فوری طور پر سینئر افسران کو اطلاع دی اور اسے فوری طور پر یونٹ ہسپتال لے جایا گیا۔ اسپتال کے چیف ڈاکٹر نے پکھراج کو مردہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے،تاہم اس کا حتمی نتیجہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی نکلے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ڈی ایس پی نے کہا کہ متوفی کے اہل خانہ کو اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے اور اس کی لاش کو اس کے آبائی شہر بیکانیر بھیجنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔











