
پٹنہ، 20 مارچ،سماج نیوز سروس : وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار آج وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ میں واقع ’سمواد‘ میں منعقدہ 16ویں مالیاتی کمیشن کی میٹنگ میں شامل ہوئے۔اس موقع پر منعقد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ ریاست بہار میں 3روزہ دورہ پر16 ویں مالیاتی کمیشن کی آم ہوئی ہے۔ اس موقع پر فائنانس کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اروند پنگڑیا سمیت تمام اراکین کامیں بہار کی سرزمین پر تہہ دل سے خیر مقدم کرتا ہوں۔ آپ سب بہت تجربہ کار اور قابل ہیں اور بہار کو آپ سے بہت سی امیدیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اروند پنگڑیا جی نالندہ یونیورسٹی، راجگیر کے چانسلر بھی ہیں۔ اس لیے وہ بہار کے سماجی اور معاشی پس منظر سے واقف ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں بڑی تعداد میں سڑکیں، پل اور ایلیویٹیڈ سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔ ہر گھر میں بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے بہت سے کام کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ موجودہ مرکزی حکومت کی تشکیل کے بعد پیش بجٹ میں بہار کے لیے خصوصی اقتصادی مدد کی شکل میں سڑک ، صنعت، صحت، سیاحت، سیلاب پر قابو پانے کے لیے خطیر رقم دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پھر سے مرکزی حکومت کی طرف سے 2025 میں پیش کردہ بجٹ میں بہار کے لیے مکھانہ بورڈ کا قیام، بہار میں نئے ایئر پورٹ کا ڈیولپمنٹ، مغربی کوسی کینال پروجیکٹ کے لیے مالی امداد اور پٹنہ آئی آئی ٹی کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام چیزوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کے ذریعہ اپنی ضروریات کے حوالے سے ایک میمورنڈم بھی تیار کیا گیا ہے، جسے آج کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ مجھے یقین ہے کہ کمیشن ان تمام نکات پر سنجیدگی سے غور کرے گا۔ ریاستی حکومت کے وزراء اور سینئر افسران یہاں موجود ہیں۔ تمام لوگ آپ لوگوں کا استقبال کر رہے ہیں اور آپ کی باتوں کو سنجیدگی سے سن ر ہے ہیں۔ میں ایک بار پھر آج کی میٹنگ کے لیے کمیشن کے چیئرمین اور تمام اراکین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے 16ویں مالیاتی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اروند پنگڑیاسمیت دیگر ممبران کو شال پیش کر کے اعزاز سے نوازا۔پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے 18ویں مالیاتی کمیشن کی طرف سے تیار کردہ میمورنڈم کی نقاب کشائی کی۔ نائب وزیر اعلیٰ جناب سمراٹ چودھری، 16ویں مالیاتی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اروند پنگڑیا اور چیف سکریٹری مسٹر امرت لال مینا نے بھی پروگرام سے خطاب کیا۔











