پٹنہ، 21 مارچ (یو این آئی) بہار میں ضلع پٹنہ کے ٹاپ 10 مجرموں کی فہرست میں شامل بدنام زمانہ جرائم پیشہ سونو کمار کو پولیس نے مانیر تھانہ علاقے سے گرفتار کرلیا ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ (مغربی)، پٹنہ شرت آر ایس نے جمعہ کے روز یہاں بتایا کہ جمعرات کی دیر رات اطلاع ملی کہ بدنام زمانہ مجرم سونو کمار اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ مانیر کے سونماروا آیا ہوا ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا گیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی مجرموں نے ان پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی۔ گولی لگنے سے سونو کمار زخمی ہو گیا تھا اور اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سونو کے دوسرے ساتھی موقع کا فائدہ اٹھا کر بھاگ گئے۔مسٹر شرت نے بتایا کہ سونو کمار کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سونو کمار کے خلاف دانا پور اور مانیر میں قتل سمیت متعدد فوجداری مقدمات درج ہیں۔











