
نوادہ: بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن (بسوٹا) کی ضلعی یونٹ کے صدر مولانا محمد جہانگیر عالم مہجور القادری نے ایک پریس بیان جاری کرتے ہوئے تعلیمی محکمہ بہار سے 2025 کی تعطیلاتی فہرست میں اصلاح کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے اہم مطالبات درج ذیل ہیں:عید کی چھٹی تین دن کی جائے مولانا قادری نے کہا ہے کہ اسلام میں عید الفطر کا تہوار تین دنوں تک منایا جاتا ہے۔ پہلے عید کی چھٹی تین دن کی ہوا کرتی تھی، لیکن 2025 کی تعطیلاتی فہرست میں صرف ایک دن کی چھٹی دی گئی ہے۔ ایسے میں دور دراز کے اساتذہ اپنے خاندان اوراہل و عیال کے ساتھ عید کیسے مناسکیں گے؟ یہ ایک تشویش کا موضوع ہے۔ اس لیے انہوں نے زور دے کر مطالبہ کیا ہے کہ عید کی چھٹی کو دوبارہ تین دن کیا جائے۔ہفتہ وار تعطیل میں عدم مساوات انہوں نے نشاندہی کی کہ ہندی میڈیم اسکولوں میں ہفتہ وار تعطیل اتوار کو ہوتی ہے، جبکہ اردو میڈیم اسکولوں میں جمعہ کو۔ 2025 کی تعطیلاتی فہرست میں ہندی اسکولوں کے 7 اتوار اور اردو اسکولوں کے 11 جمعہ کو تعطیلات شامل کر لی گئے ہیں، جس کی وجہ سے اردو اسکولوں کی 11 اور ہندی اسکولوں کی 7 چھٹیاں کم ہوگئی ہیں۔نیم یومیہ (ہاف ڈے) نظام کا خاتمہ پہلے ہر ہفتے کے دن ہندی اسکولوں میں ہفتہ کو اور اردو میڈیم اسکولوں میں جمعرات کو نیم یومیہ (ہاف ڈے) اسکول ہوتا تھا، جسے اب ختم کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بھی باعثِ تشویش ہے اور اس پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ان تمام مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے، مولانا قادری نے تعلیمی محکمہ سے 2025 کی تعطیلاتی فہرست میں فوری اصلاح کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تمام اساتذہ اور طلبہ کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔











