
بہارشریف(محمد راشد عالم) تمل ناڈو میں بہار کے ایک مزدور کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کا معاملہ رونما ہوا ہے۔متوفی کی شناخت 26 سالہ امیت کمار ولد بھوشن پاسوان ساکن گوکھول پور گاؤں،چنڈی تھانہ،نالندہ ضلع کے طور پر ہوئی ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی خاندان میں کہرام مچ گیا۔واقعہ کے بارے میں متوفی کے بہنوئی روی پاسوان نے بتایا کہ 6 ماہ قبل امیت کمار تمل ناڈو کی ایک فیکٹری میں مزدوری کرنے گیا تھا۔19 فروری کو جب وہ اپنے فلیٹ سے فیکٹری جا رہا تھا تو منشیات کے گروہ کے بدمعاشوں نے نوجوان کا موبائل فون چھیننے کی کوشش کی جب متوفی نے اس کے خلاف احتجاج کیا تو نصف درجن سے زیادہ شرابی بدمعاشوں نے اس پر حملہ کردیا جس کی سبب امیت کمار شدید زخمی ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی انہیں دیگر ساتھی کارکنوں کی مدد سے علاج کے لیے فوری طور پر کوئمبٹور لے جایا گیا جب گھر والوں کو اس بات کا علم ہوا تو وہ مریض کو ایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے پٹنہ لے آئے جہاں علاج کے دوران نوجوان کی موت ہو گئی جس کی اطلاع مقامی تھانے کو دی گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر ہسپتال بہارشریف بھیج دیا اور مزید کارروائی میں مصروف ہے۔ دریں اثنا،واقعہ کے بارے میں چنڈی کے ایس ایچ او سمن کمار نے بتایا کہ پولیس نے متوفی کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔متاثرہ خاندان کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔











