
ایم نعمت اللہ
پٹنہ، 29 مارچ :آج 715معاون اردو مترجمین کو تقرری نامہ سونپا گیا ۔پٹنہ میں سنواد بھون میں منعقد تقریب میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے علامتی طور پر ثناء، محمد فیروز عالم، فاطمہ نوری، انو کماری، محمد معصوم عالم، گلشن فردوس، محمد شاہد وصی اور راج کمار آزاد کو تقرری نامہ دیئے۔ اردو ڈائرکٹوریٹ محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے زیر اہتمام اس تقریب کا انعقاد کیا گیاتھا ۔پٹنہ میں 50 اسسٹنٹ اردو مترجمین کو تقرری نامہ دیئے گئے جبکہ باقی امیدواروں کو ان کے متعلقہ اضلاع میں تقرری نامہ دیئے گئے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تمام کارکنان اردو زبان کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے پروگرام کے دوران اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن بہت خوشی کا دن ہے۔ 715 اسسٹنٹ اردو مترجمین کو تقرری خط دیے جا رہے ہیں۔ یہ تمام کارکن ضلع، سب ڈویژن اور بلاک کی سطح پر کام کریں گے۔ اردو زبان کی ترویج میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2005 سے قبل اسسٹنٹ اردو مترجم کی صرف 449 آسامیاں تھیں جو کہ ضرورت کے مطابق بہت کم تھیں۔ سال 2018 میں 1204 نئی آسامیوں کی منظوری کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 1653 ہوگئی۔ اس عمل میں اب 715 نئے مترجمین کا تقرر کیا گیا ہے۔ باقی خالی آسامیوں کو جلد پر کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ اردو مترجمین کی اسامیوں کو دوگنا کرکے 3306 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے ان کی تعداد سال 2005 کے مقابلے میں سات گنا بڑھ جائے گی۔انہوں نے عہدیداروں کو خالی اور نئی آسامیوں پر جلد بھرتیاں کرنے کی ہدایت کی۔
تقریب کا آغاز شمع افروزی کے ذریعہ ہوا۔ تقریب کا استقبالیہ خطبہ ڈاکٹر ایس سدھارتھ، ایڈیشنل چیف سکریٹری، محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، بہار نے پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں کا والہانہ خیر مقدم کیا۔استقبالیہ خطبہ میں ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے تقررنامہ حاصل کرنے والے معاون اردو مترجمین کو مبارکباد دی اوران کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ تقسیم تقرر نامہ تقریب وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ احاطہ واقع سنواد بھون کے ساتھ ساتھ بہار کے باقی 37اضلاع میں منعقد ہوئی۔ امید واروں کے درمیان آج ہی بہار کے باقی 37اضلاع میں ضلع مجسٹریٹ کی سطح سے ہر ضلع میں تقرر نامہ تقسیم کیا گیا۔وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے تقررنامہ پانے والے سبھی امید واروں کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر انہوں نے اردو آبادی کو عید کا خاص تحفہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ابھی تک 1653 معاون اردو مترجمین کے عہدے وضع کئے گئے تھے جسے اب دوگنا کرتے ہوئے مزید 1653 معاون اردو مترجمین کے عہدے وضع کئے جانے کی ہدایت دی۔اس طرح کل 3306معاون اردو مترجمین بہار کے مختلف دفاتر میں بحال کئے جائیں گے۔ جناب وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس پر فوراً کارروائی کریں اورجلد سے جلد 3306 عہدے پر بحالی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2005سے قبل معاون اردو مترجمین کے صرف 449 عہدے تھے جو اب سات گنا بڑھ کر3306 عہدے ہو جائیں گے۔اس موقع پر بہار کے چیف سکریٹری امرت لال مینا، عزت مآب وزیر اعلیٰ کے سکریٹری کمار روی، انوپم کماراور وزیر اعلیٰ کے اسپیشل ڈیوٹی افسرڈاکٹرگوپال سنگھ سمیت کئی دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔تقریب کی نظامت اردو ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر ایس ایم پرویز عالم نے بحسن و خوبی انجام دیا اور ان کے ہی تشکراتی کلمات کے بعد تقریب کا اختتام ہوا۔











