کانپور۔جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی سرپرستی و ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی نگرانی میں چلائی جا رہی ’نشہ مکت سماج، نشہ مکت شہر‘ مہم کے تحت آج پریم نگر گرودوارہ چوراہے سے پریم نگر چوراہے تک نشہ کے خلاف ریلی نکال کر لوگوں کو بیدار کرنے کا کام کیا گیا۔
ریلی کی سرپرستی فرمارہے شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں نے بتایا کہ 12سال قبل سابق ریاستی صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ نے نشہ کے خلاف لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ’نشہ مکت شہر،نشہ مکت سماج‘ مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔ اب مولانا مرحوم کے جانشین مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی قیادت میں یہ مہم جاری ہے اور اس طرح کے سماجی کاموں سے لوگوںمیں بیداری پیداہوتی ہے۔
روزنامہ انوار قوم کے مدیر اور شہری جمعیۃ کے سکریٹری زبیر احمدفاروقی نے کہا کہ ہماری تنظیم جمعیۃ علماء نے انسانیت کی عظمت کو بچانے، خاندانوں کے تحفظ، مہلک بیماریوں سے حفاظت اور پیسوں کی بربادی سے نجات دلانے کیلئے نشہ مکت ملک بنانے کا جو عزم کیا ہے، ملک کی تمام شاخوں خصوصاً جمعیۃ علماء اور اس سے جڑے تمام اضلاع، شہر، گاؤں، قریہ کے اراکین کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ آنے والے پورے سال اس مہم کو بھرپور طور پر چلاکر اس بری لعنت سے ملک اور ملک کے ایک ایک فرد کو بچانے کے اپنے فریضہ کو انجام دیں اور حکومتوں پر دباؤ بنائیں کہ وہ چند سکوں کی آمدنی کی خاطر ہزاروں، لاکھوں انسانوں کی زندگی برباد نہ کریں، شراب اور منشیات پر مکمل پابندی لگاکر ملک کو اس لعنت سے نجات دلائیں۔
شہری جمعیۃ مسلسل معاشرہ میں اصلاح اور سدھار پیدا کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ ہم بلا تفریق مذہب و مسلک تمام لوگوں کو نشے کے نقصانات سے واقف کرائیں اور جو لوگ منشیات کا استعمال کرتے ہیں انہیں اس سے روکنے کا کام کریں۔
جمعیۃ علماء شہر کانپور کے رکن مولانا رضاء اللہ مظاہری نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا سماج کے تمام معززین سنجیدگی کے ساتھ اس جانب توجہ دے کر فکرکریں، اس میں سبھی کی بہتری ہے۔
نشہ مخالف ریلی میں قاری محمد اسحاق ، مولانا نور محمد، قاری محمد عثمان، قاری محمد واصف، مفتی عبد العلیم ندوی، محمد مقدر، حاجی محمد اعظم،مولوی محمد توقیر، مولوی عبد العلی، مولوی عبد اللہ سمیت کثیر تعدا دمیں مقامی عوام موجود تھے۔
نشہ مخالف ریلی جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈو شکلا گنج میں آج
کانپور:۔ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام چلائے جا رہے نشہ مخالف مہم کے تحت آج مورخہ27جمادی الاولیٰ 1444ھ مطابق 23دسمبر2022 بروزجمعہ بعد نماز جمعہ شکلا گنج بنگال کمپاؤنڈ سے مرحلہ چوراہے تک اور 4؍بجے جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ سے سدبھاؤنا چوکی پریڈ تک نشہ مخالف ریلیاں جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں و ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی قیادت میں نکالی جائیں گی۔ ریلی کے ذمہ داران مولانا محمد انس قاسمی ، مولانا محمد عاقبنے اس کی اطلاع دیتے ہوئے علاقہ کے تمام لوگوں سے شرکت کی درخواست کی ہے۔












