
پٹنہ، 11 مئی (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج افسران کو پٹنہ ضلع میں سڑکوں کے تعمیراتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔اتوار کو پٹنہ ضلع کی مختلف سڑکوں کا معائنہ کرنے کے بعد مسٹر کمار نے تعمیر شدہ سڑکوں کی دیکھ بھال اور زیر تعمیر سڑکوں کے تعمیراتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے سلسلے میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔اس دوران وزیر اعلیٰ نے ہاتھی خانہ موڑ سے چاندماری تک سڑک کی چوڑائی اور مضبوطی کے کاموںکا جائزہ لیا۔
یہ سڑک ترہا ٹولی، کوہی موڑ، کھیرنیچک موڑ، رگھورام پور پل، ڈی پی ایس اسکول اور لودی پور، چاندماری ہوتے ہوئے اوسری ۔ چھتناواںسڑک کو جوڑتی ہے ۔ پٹنہ ضلع کی پرگتی یاترا کے دوران وزیر اعلیٰ نے اوسری۔چھتناواں سڑک کا افتتاح کیا تھا۔ ہاتھی خانہ موڑ سے چاندماری تک سڑک کو چوڑا اور مضبوط کرنے کے کام کی وجہ سے لوگوں کو اوسری۔چھتناواں، شیوالا، نوبت پور، بکرم، پالی، جہان آباد اور آرا کی طرف جانے کے لیے ایک اضافی متبادل راستہ ملے گا۔اس کے بعد مسٹر کمار نے شیوالا آر او بی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے شیوالا موڑ کے قریب تعمیر ہونے والی آر او بی روڈ کے بارے میں بھی معلومات لیں۔ انہوں نے چاندماری گاؤں کے قریب رک کر سڑک کا معائنہ کیا۔ وہ سینک موڑ، دانا پور کے قریب بھی رکے اور سگونہ موڑ کے قریب زیر تعمیر پٹنہ میٹرو ریل کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔معائنہ کے دوران آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری کمار روی وغیرہ موجود تھے۔











