بیتیا، 11 مئی (یو این آئی) بہار کے مغربی چمپارن ضلع کے نولپور تھانہ علاقے کے ایک گاؤں سے چار نابالغ لڑکیاں اچانک لاپتہ ہو گئیں۔لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے سب ڈویڑنل پولیس افسر (صدر 2) رجنیش کانت پریہ درشی نے کہا کہ معاملے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ایف ایس ایل اور ڈاگ سکواڈ کی ٹیمیں بھی معائنہ کے لیے طلب کر لی گئی ہیں۔ کارروائی کی جا رہی ہے۔مسٹر پریہ درشی نے بتایا کہ نولپور تھانہ علاقہ کے ایک ہی گاؤں کے ایک ہی خاندان کے چار بھائی سنیچر کی شام آئے اور پولیس کو اطلاع دی کہ صبح گاؤں کی چار نابالغ لڑکیاں گاو ¿ں کے باہر کھیتوں میں جانوروں کا چارہ لانے گئی تھیں۔ جب وہ 11.30 بجے دن تک واپس نہیں آئیں تو گھر والے پریشان ہوگئے۔ گاؤں سے لے کر پورے علاقے میں تلاشی شروع کی گئی۔ دیر شام تک جب نہیں ملیں تو اس کی اطلاع تھانے کو دی گئی۔پولیس افسر نے بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر نولپور تھانہ صدر نے سینئر افسران کو اس کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شوریہ سمن نے اسے سنجیدگی سے لیا اور ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم کے ارکان نے ڈی آئی یو اور ڈاگ سکواڈ ٹیم کے ساتھ معائنہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی گھر والوں اور گاؤں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ جلد ہی بچیوں کو بازیاب کر کے ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔











