سیوان، 29 مئی (یواین آئی) جن سوراج کے معمار پرشانت کشور نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی بہار کے غریب عوام کے پیسے سے اپنی اور اپنی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کی تشہیر کر رہے ہیں۔مسٹر کشور نے جمعرات کو یہاں مسٹر مودی کے بہار دورے پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے لوگ جانتے ہیں کہ اس سال ریاست میں انتخابات ہیں، اس لیے وزیر اعظم مسٹر مودی بہار آئیں گے۔ لیکن ہم وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر وہ بہار کے غریب عوام کے لیے کچھ نہیں کر رہے ہیں تو کم از کم وہ ان کے پیسوں سے اپنی اور اپنی پارٹی کی تشہیر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے مہینے ہی مسٹر مودی پنچایتی راج کے منتخب نمائندوں سے بات کرنے مدھوبنی آئے تھے، کیا انہوں نے بہار کے پنچایتی راج نظام کو مضبوط کرنے یا بہار کی پنچایتوں کے لیے کوئی رقم دینے کا اعلان کیا ۔جن سوراج کے معمار نے کہا کہ مسٹر مودی بہار کے ساتھ ساتھ گجرات کے بھی وزیر اعظم ہیں۔ لیکن گجرات کو گفٹ سٹی، سولر پارک، بلٹ ٹرین دی گئی اور بہار کو صرف شرمک ٹرین دی گئی، ایسا امتیاز کیوں؟ مسٹرمودی بتائیں کہ بہار میں کب فیکٹریاں لگیں گی، بند شوگر ملیں کب شروع ہوں گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ مسٹرمودی نے سال 2015 میں آرا کی ریلی میں بہار کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار کروڑ کے پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ ان کے اعلان کو 10 سال ہو چکے ہیں۔ مودی جی کو بتانا چاہئے کہ انہوں نے پیسے بھیجے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار کو ایسی ٹرینوں کی ضرورت نہیں ہے جس میں ہمارے بچے جانوروں کی طرح بیٹھ کر دوسری ریاستوں میں کام کرنے جائیں، بہار کو اب بہتر تعلیمی نظام اور روزگار کی ضرورت ہے۔











