کوئٹہ (یو این آئی) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں کارروائی کے دوران مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، 4 روز میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 50 ہوگئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں 7 سے 9 اگست تک سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 47 خوارج مارے گئے۔سیکیورٹی فورسز نے 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب بھی پاک افغان سرحدی علاقہ سمبازا میں آپریشن کیا جس میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 4 روز میں مجموعی طور پر 50 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں سے اسلحہ، بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں، سیکیورٹی فورسز پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ژوب میں کےمزید 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ پھیلانےمیں ملوث دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنایا۔












