اسلام آباد:پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ چین میں وزیر اعظم شہباز شریف اور نریندر مودی کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل بنگلا دیش کے دورے پر روانہ ہوں گے، اس دورے کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، دہشت گردی کے خاتمے اور تجارت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نام نہاد گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی مذمت کرتا ہے، پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، مجید بریگیڈ بلوچستان میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث ہے، پاکستان کالعدم بی ایل اے کے مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کا پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل ہوا، وانگ ای کی وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں، اسلام آباد میں چھٹا پاک چین وزرائے خارجہ سٹریٹجک ڈائیلاگ ہوا ، جس میں سی پیک فیز ٹو سمیت تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی تعاون پر اتفاق ہوا، دونوں ممالک نے افغانستان، مشرق وسطیٰ اور دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔












