یمن:اسرائیلی جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر شدید بمباری کی ہے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں حوثی وزیراعظم احمد غالب الرحاوی شہید ہوگئے۔ ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے ’مہر نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک اماراتی ویب سائٹ نے عدن میں موجود اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے وزیرِاعظم جمعرات کو اسرائیلی فضائی حملے میں دارالحکومت صنعا میں شہید ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق یمنی انصاراللہ کی قیادت میں قائم حکومت کے وزیراعظم احمد غالب الرحاوی جمعرات کو صنعا کے علاقے بیت بوس میں ایک اپارٹمنٹ پر فضائی حملے میں نشانہ بنے۔انصاراللہ مخالف چینل ’الجمہوریہ‘ نے بھی عدن سے نشریات میں احمد غالب الرحاوی کی شہادت دعویٰ کیا، جبکہ اخبار ’عدن الغد‘ نے کہا کہ احمد الرحاوی اپنے قریبی ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوئے، احمد غالب الرحاوی تقریباً ایک سال سے حوثیوں کی حکومت کے وزیراعظم تھے اور زیادہ تر انتظامی کردار ادا کر رہے تھے۔ادھر اسرائیلی میڈیا نے بھی اماراتی حمایت یافتہ ذرائع کی اس خبر کو شائع کیا ہے، یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اس نے صنعا میں انصاراللہ کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنایا ہے۔












