تل ابیب (یو این آئی) ہزاروں اسرائیلیوں نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں ایک بڑے مظاہرے میں شرکت کی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس احتجاج کے دوران اسرائیلیوں نے امریکی صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی جنگ کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنائیں۔رپورٹس کے مطابق تل ابیب میں فوجی ہیڈکوارٹر کے باہر کا علاقہ مظاہرین سے بھرا ہوا تھا۔ مظاہرین ہاتھوں میں اسرائیلی جھنڈے اور یرغمال افراد کی تصاویر والے پلے کارڈز اُٹھائے اپنا احتجاج ریکارڈ کرارہے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ٹرمپ واحد عالمی رہنما ہیں جو وزیراعظم نیتن یاہو پر اثر انداز ہو سکتے ہیں اور انہیں یرغمالیوں کی رہائی کے لیے قدم اٹھانے پر مجبور کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی پالیسیوں پر عوامی مایوسی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے بالخصوص ان کے اس فیصلے پر جس کے تحت فوج کو غزہ شہر پر حملے کا حکم دیا گیا ہے جہاں ممکنہ طور پر یرغمالی موجود ہیں۔یرغمال افراد کے اہل خانہ اور ان کے حامیوں کو خدشہ ہے کہ غزہ میں ہونے والی یہ کارروائی ان کے پیاروں کی جان کو خطرے میں ڈال دے گی۔












