غزہ (یو این آئی) غزہ میں اسرائیلی فوج کی خونریز کارروائیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، قابض فوج نے غزہ میں مزید 52 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے رہائشی عمارتوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر حملے کرکے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔غزہ میں7 اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 64 ہزار 522 ہوگئی جبکہ ایک لاکھ 63 ہزار 96 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ سے 6 اسرائیلی کی ہلاکت کے بعد صیہونی فوج نے مغربی کنارے میں کارروائیاں مزید تیز کردیں۔قابض فوج نے جنین کیمپ میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں چودہ سالہ 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا، اسرائیلی فوج کے حملوں میں کئی فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے نئی تجاویز پیش کردیں۔امریکی تجاویز میں تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے ہزاروں فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی شامل ہے۔فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے نئی امریکی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے معاہدے کے لیے مذاکرات پر رضامند ظاہر کردی۔جنگ بندی سے متعلق اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، اسرائیلی حکام نےکہا ہےکہ وہ ایسے معاہدے کے لیے تیار ہیں جس میں حماس کا ہتھیار ڈالنا شامل ہو۔ القدس بریگیڈز نے طویل عرصے بعد مغربی کنارے میں کارروائی کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فلسطینی اسلامی جہاد کی عسکری وِنگ القدس بریگیڈز نے طویل عرصے بعد مغربی کنارے میں کارروائی کا اعلان کر دیا ہے، سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں تنظیم کے جنگجوؤں کو تیاری کرتے دکھایا گیا ہے۔ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ہمارا جہاد جاری ہے اور ہم تمام فلسطین کی آزادی تک لڑتے رہیں گے۔ یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔القدس بریگیڈز کی ایک اور ویڈیو الجزیرہ نے نشر کی ہے جس میں جنوبی غزہ میں اسرائیلی اسپیشل فورسز کی ناکام دراندازی کو دکھایا گیا ہے، جس کے دوران انھوں نے فوجی ساز و سامان قبضے میں لے لیا۔ 29 اگست کو حاصل کی گئی اس فوٹیج میں وہ لمحہ دکھایا گیا ہے جب اسرائیلی فورسز لینڈنگ آپریشن کر رہی تھیں۔القدس بریگیڈز نے فوجی لباس، ساز و سامان اور مواصلاتی آلات بھی دکھائے، جن پر عبرانی تحریر تھی جو اسرائیلی افواج کے انخلا کے بعد قبضے میں لیے گئے تھے۔واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ جارحیت میں کم از کم 64,522 فلسطینی جاں بحق اور 163,096 زخمی ہو چکے ہیں۔












