بہار شریف (پریس ریلیز): مؤرخہ 28 دسمبر بروز اتوار پیغام اسلام مسجد و اسلامک سنٹر کے عطائے رسول ہال میں انجمن خدامِ اصدق کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان جشنِ محفلِ خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ محفل میں علمائے کرام، مشائخ عظام، عاشقانِ اولیاء اور کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔ اس روح پرور محفل کی صدارت مفکرِ اسلام حضرت حافظ و قاری علامہ سید شاہ سیف الدین اصدق چشتی بانی و سربراہ تحریک پیغامِ اسلام نے فرمائی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز بعد نماز عشا تلاوتِ کلامِ پاک اور بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعت پاک کے نذرانے سے ہوا، جس سے پورا ماحول نورانیت اور روحانیت سے معطر ہوگیا۔ محفل کی پہلی تقریر حضرت مولانا سید غلام نور جیلانی اصدقی چشتی ولی عہد خانقاہ نوریہ اصدقیہ چشتیہ، ارمئی شریف، گملا جھارکھنڈ نے کی۔ آپ نے خواجہ غریب نواز کی سیرت، آپ کی انسان دوستی اور دینِ اسلام کے پیغامِ محبت و اخوت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مقررِ خصوصی مبلغِ اسلام حضرت علامہ و مولانا محمد عیسیٰ رضوی مصباحی خطیب و امام، نوری مسجد، برن پور، آسنسول نے تعلیماتِ خواجہ کی روشنی میں نہایت ہی پرمغز اور مؤثر خطاب فرمایا۔ آپ نے بتایا کہ خواجہ غریب نواز کا پیغام آج کے دور میں بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، جو محبت، صبر اور خدمتِ خلق کی تعلیم دیتا ہے۔ کلیدی خطاب معمار ملت حضرت علامہ سید شاہ نور الدین اصدق چشتی مصباحی ایڈیٹر جامِ شہود و مہتمم مدرسہ اصدقیہ مخدوم شرف بہار شریف نے فرمایا۔ اپنے خطاب میں آپ نے منصبِ ولایت کی حقیقت، اولیائے کرام کے مقام و مرتبہ اور کراماتِ اولیاء کی عقلی و شرعی توجیہات کو نہایت سادہ اور مدلل انداز میں بیان کیا، جس سے سامعین خوب مستفید ہوئے۔محفل کے دوران مداحِ رسول ﷺ حافظ و قاری اجمل رضا قادری نے وقتاً فوقتاً نعت و منقبت پیش کر کے محفل میں سماں باندھ دیا، جس سے حاضرین کے دل جھوم اٹھے اور محفل کی رونق دوبالا ہوگئی۔ اخیر میں تحریک پیغامِ اسلام کے بانی و سربراہ حضرت علامہ سید شاہ سیف الدین اصدق چشتی صاحب کی پُر اثر دعا اور کلماتِ خیر پر اس روحانی اور یادگار محفل کا اختتام ہوا۔ دعا میں امتِ مسلمہ کی فلاح، ملک و ملت کی سلامتی اور آپسی اتحاد کے لیے خصوصی طور پر التجا کی گئی۔












