نئی دہلی،سماج نیوز سروس: دہلی کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو آوارہ کتوں کی گنتی اور ان کی نگرانی کا حکم جاری کر کے بی جے پی حکومت عام آدمی پارٹی کے نشانے پر آ گئی ہے۔ اس حکم کے جاری ہوتے ہی عام آدمی پارٹی کی دہلی ریاستی اکائی کے رہنما بی جے پی حکومت پر حملہ آور ہیں اور اب پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی اس فیصلے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ منگل کے روز اروند کیجریوال نے بی جے پی حکومت سے سوال کیا کہ دہلی میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ بچوں کو پڑھائیں گے یا سڑکوں پر آوارہ کتوں کی گنتی کریں گے؟ بی جے پی حکومت کے اس حکم نے تعلیم کے تئیں اس کی سوچ اور ترجیحات کو پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایکس پر کہا کہ دہلی میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ بچوں کو پڑھائیں گے یا پھر سڑکوں پر کتوں کی گنتی کریں گے؟ بی جے پی کی دہلی حکومت کا یہ حکم اس کی سوچ اور ترجیحات کو بے نقاب کرتا ہے۔ بی جے پی کے لیے تعلیم کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔ یہ لوگ اساتذہ کی توہین کر رہے ہیں اور اسکولوں کو برباد کر رہے ہیں۔ جب دہلی میں ہماری حکومت تھی تو ہم نے اساتذہ کو عزت دی، ان پر سے غیر ضروری بوجھ ہٹایا اور بچوں کی تعلیم کو ہی سب سے بڑی ترجیح بنایا۔ اساتذہ کو تربیت کے لیے بیرونِ ملک بھیجا، اسکولوں کو بہتر بنایا۔ آج بی جے پی حکومت سب کچھ برباد کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔ ادھر عام آدمی پارٹی کے دہلی ریاستی کنوینر سَوربھ بھاردواج نے بھی ایکس پر بی جے پی کی دہلی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری حکم نامے کی کاپی شیئر کر کے سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت روز بے تُکے احکامات جاری کرتی ہے۔ اب اساتذہ پر آوارہ کتوں کی ذمہ داری ڈال دی گئی ہے۔ استاد بچوں کو پڑھائیں گے یا آوارہ کتوں کی نگرانی کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری حکم میں صاف طور پر لکھا ہے کہ اساتذہ کی ڈیوٹی اسٹریٹ ڈاگز کی نگرانی بھی ہوگی۔ اساتذہ یہ یقینی بنائیں گے کہ کتوں کی نس بندی ہو اور وہ اسکول کیمپس کے اندر داخل نہ ہوں۔ لیکن جب دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت تھی تو صورتحال بالکل مختلف تھی۔ اگر اسکول کی عمارت خراب ہوتی تھی، بینچ بدلنے ہوتے تھے یا صفائی کروانی ہوتی تھی تو ان کاموں کے لیے اسٹیٹ مینیجر مقرر ہوتے تھے۔ اساتذہ کو غیر ضروری کاموں سے الگ رکھا گیا تھا۔ لیکن بی جے پی حکومت اساتذہ پر کتوں کی نگرانی جیسی ذمہ داریاں ڈال کر ان کی توہین کر رہی ہے۔












