لندن/میامی، ( یو این آئی) انگلینڈ کے لیجنڈری فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم کے لیے نیا سال دوہری خوشیاں لے کر آیا ہے۔ ایک طرف انہیں برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا ہے، تو دوسری طرف انہوں نے اپنے بیٹے بروکلن بیکہم کے ساتھ جاری طویل سرد جنگ کو ختم کرنے کی جانب بڑا قدم بڑھایا ہے۔ونڈسر کیسل میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران برطانوی بادشاہ کنگ چارلس نے ڈیوڈ بیکہم کو فٹ بال اور سماجی خدمات کے اعتراف میں ‘نائٹ ہڈ (Knighthood) کے خطاب سے نوازا۔ اس اعزاز کے بعد اب فٹ بال اسٹار کے نام کے ساتھ سرکاری طور پر ‘سر کا لفظ استعمال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ڈیوڈ بیکہم اور ان کے بیٹے بروکلن کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے اختلافات چلے آ رہے ہیں، جس کی بنیاد بروکلن کی نکولا پیلٹز کے ساتھ شادی کے دوران پیدا ہونے والی غلط فہمیاں بنی تھیں۔ یہ دوریاں اس حد تک بڑھ گئی تھیں کہ بروکلن نے سوشل میڈیا پر اپنے والدین کو بلاک کر رکھا ہے اور والد کی زندگی کے اس بڑے دن پر بھی وہ میامی میں اپنی اہلیہ کے ساتھ موجود تھے۔اعزاز حاصل کرنے کے بعد ڈیوڈ بیکہم نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خاندان کی تصاویر شیئر کیں۔ اگرچہ پہلی پوسٹ میں بروکلن موجود نہیں تھے، لیکن بیکہم نے فوری طور پر ایک اور خصوصی پوسٹ شیئر کی جس میں تمام بچوں کی الگ الگ تصاویر شامل کیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا:”میں تم سب سے بے حد محبت کرتا ہوں۔”اس اقدام کو سوشل میڈیا صارفین اور ماہرین کی جانب سے باپ بیٹے کے درمیان برف پگھلنے کی ایک بڑی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ مداحوں کو امید ہے کہ ‘سر کا خطاب پانے کے بعد ڈیوڈ بیکہم کی زندگی کا یہ نیا باب ان کے خاندان کو دوبارہ متحد کر دے گا۔












