دیوبند،سماج نیوز سروس: مشہور عالم دین اور جمعیۃ علماء ہند کے قائد مولانا محمود مدنی نے جہیز جیسی لعنت اور غیرضروری رسومات کے خلاف ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے گھروں ، خاندانوں اورمہذب طبقات خاص طورپر مسلمانوں کے یہاں غم کا موقع ہو یا خوشی کا ماحول، ایسے موقع پر اس طرح کی رسومات اپنائی جارہی ہیں جو اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ لڑنا جھگڑنا، بغض ،حسد اورکینہ پروری کے ساتھ ساتھ بدلہ لینے کی نیت رکھناکوئی کمال نہیں ہے، بلکہ در گزرکرنا اور معاف کردینا اصل بہادری اور کمال ہے۔ اس موقع پر نشیلی اشیاء کے استعمال اور معاشرہ میں پھیلی ہوئی دیگر برائیوں پر بھی فکرمندی کا اظہار کیا گیا۔مشہور و معروف شخصیت مولانا مفتی عفان منصورپوری نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل نشہ خوری میں مبتلا ہوکر اپنے مستقبل کو برباد کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے سے دور ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کی معاشی ، تعلیمی،اقتصادی اورترقی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ آج ہماری نوجوان نسل عملی جدوجہد سے دور ہے اور منشیات کے حصار میں جکڑی ہوئی ہے۔ مفتی عفان منصورپوری نے کہا کہ انسانی زندگی اللہ تعالیٰ کا عطا کردہ عطیہ اور اس کی گراں قدر نعمت ہے اس لئے اس کی حفاظت ہر ہوش مند انسان پر واجب ہے۔ کیوںکہ فرمان الٰہی ہے کہ اپنے آپ کو ہلاکت میں مت ڈالو۔












