کراکس، (یو این آئی) ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم کے بعد امریکی فوج نے وینزوئیلا پر حملہ کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی تصاویر کے مطابق ہفتے کی علی الصبح وینزوئیلا کے دارالحکومت کراکس میں متعدد دھماکے ہوئے، سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے اور طیاروں کی پروازیں نظر آئیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ شہر کے جنوبی حصے میں، ایک بڑے فوجی اڈے کے قریب، بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ صورتحال کس وجہ سے پیدا ہوئی، جو تقریباً رات دو بجے شروع ہوئی، یا یہ واقعات شہر کے کن حصوں میں پیش آئے۔ وینزوئیلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکی حملے کی تصدیق کردی ہے اور ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا۔ وینزویلین صدر نکولس مادورو نے کہا کہ امریکہ نے وینزوئیلا پر حملہ کر دیا ہے، ہم امریکہ کی فوجی جارحیت کو مسترد کرتے ہیں اور اس کی سخت مذمت کرتے ہیں، امریکی جارحیت بین الاقوامی امن اور استحکام کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ مادورو نے امریکی حملے کو ملکی وسائل پر قبضے کی ایک کوشش قرار دیا اور کہا کہ امریکہ وینزویلا کے اسٹریٹیجک وسائل، تیل اور معدنیات پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، انھوں نے کہا کہ ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے وینزوئیلا کے خلاف بڑے پیمانے پر حملےکیے ہیں اور اِس کے صدر نکولس مادورو اور اُن کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے کامیابی کے ساتھ وینزوئیلا اور اُس کے رہنما صدر نکولس مادورو کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے، صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرکے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کیا گیا۔ مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔ امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت سمیت مختلف مقامات پر حملے کردیے۔ وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں دھماکے ہوئے اور شہر کے مختلف علاقوں میں طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملوں کا حکم دیا ہے اور وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس میں کم ازکم 7دھماکے ہوئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ امریکہ وینزویلاکے خلاف فوجی حملےکررہا ہے۔ وینزویلا حکومت نے تصدیق کی ہے کہ حملےکراکس، میرانڈا، آراگوا اورلاگویرا ریاستوں میں ہوئے ہیں، ان امریکی حملوں کا مقصد وینزوئیلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرناہے۔ امریکی ریپبلکن سینیٹر مائیک لی کا کہنا ہے کہ ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مجھے بتایا ہے کہ وینزوئیلا کے صدر نکولس مادورو کو مجرمانہ الزامات پر مقدمہ چلانے کے لیے گرفتار کیا گیا ہے، وینزوئیلا کےصدر مادورو امریکا کی تحویل میں ہیں۔ امریکی سینیٹر نے مزید کہا کہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکہ وینزوئیلا میں اب مزید کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔ وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں 7 دھماکوں کے بعد شہر تاریکی میں ڈوب گیا غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کاراکاس میں سائرن بج رہے ہیں، دھماکوں کے بعد صدارتی محل کے ٹینک گشت کرنے لگے ہیں۔ وینزویلا حکومت کے ایک سرکاری بیان کے مطابق امریکہ نے کئی ریاستوں میں شہری اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے ہیں، حملے کاراکاس کے ساتھ ساتھ مرانڈا، اراگوا اور لا گوائرا کی ریاستوں میں ہوئے ہیں۔












