واشنگٹن، (یواین آئی) دنیا کے امیر ترین فرد ایلون مسک نے وینزویلا میں مفت انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عوامی رابطے کو برقرار رکھنے کے لیے یہ سروس فروری کے اوائل سے فعال کر دی جائے گی۔
ایلون مسک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ 3 فروری سے وینزویلا کے لیے مفت انٹرنیٹ سروس مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کمپنی اسٹار لنک کی ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد وینزویلا میں بلا تعطل رابطے کو یقینی بنانا ہے۔یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وینزویلا میں سیاسی اور عسکری بحران شدید صورت اختیار کر چکا ہے۔ حالیہ امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکہ منتقل کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک میں مواصلاتی اور انتظامی نظام پر خدشات بڑھ گئے ہیں۔اسی تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ وینزویلا میں حکومت کی تبدیلی تک ملک کا انتظامی نظام عارضی طور پر امریکہ کی نگرانی میں رہے گا۔مبصرین کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے مفت انٹرنیٹ سروس کا اعلان محض ایک تکنیکی قدم نہیں بلکہ موجودہ بحران کے دوران وینزویلا میں اطلاعات اور رابطے کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے سیاسی اور سفارتی اثرات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔












