کوالالمپور، (یواین آئی )ملیشیا اوپن سپر 1000 ٹورنامنٹ کے پہلے روز ہندوستانی ستاروں نے شاندار آغاز کیا ہے۔ چار ماہ تک انجری کے باعث کورٹ سے دور رہنے والی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو نے اپنی واپسی کا جشن ایک شاندار جیت سے منایا، جبکہ دنیا کی ٹاپ جوڑیوں میں شامل ساتوک اور چراغ نے بھی اپنے پہلے ہی میچ میں فتح کا جھنڈا گاڑ دیا۔خاتون سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں پی وی سندھو کا مقابلہ چینی تائپے کی سونگ شو یون سے تھا۔ 51 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں سندھو نے 13-21 اور 20-22 سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے شروع میں سندھو کچھ زنگ آلود نظر آئیں اور 1-6 سے پیچھے ہو گئیں، لیکن جلد ہی انہوں نے اپنی تال تلاش کر لی اور وقفے تک 11-9 کی برتری حاصل کر لی۔ دوسرے گیم میں سندھو 14-9 سے آگے تھیں لیکن حریف کھلاڑی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور 20-20 برابر کر دیا۔ اس نازک موڑ پر سندھو نے اپنے وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے مسلسل دو پوائنٹس جیتے اور میچ اپنے نام کر لیا۔ دوسرے راؤنڈ میں سندھو کا مقابلہ سابق جونیئر ورلڈ نمبر ون ٹوموکا میازاگی سے ہوگا جو ان کے لیے ایک کڑا امتحان ثابت ہو سکتا ہے۔ یندوستان کی اسٹار جوڑی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے مینڈز ڈبلز میں اپنی دھاک بٹھا دی۔ انہوں نے چینی تائپے کے کھلاڑیوں لی ژے ہوئی اور یانگ پو ہسوان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 13-21 اور 15-21 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔جہاں سنگلز اور مینز ڈبلز میں خوشی ملی، وہیں دیگر شعبوں میں ہندوستانی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ گایتری گوپی چند اور ٹریسا جولی ایک گھنٹہ طویل جدوجہد کے بعد انڈونیشیا کی جوڑی سے 21-9، 21-23 اور 21-19 سے ہار کر باہر ہوگئیں۔ پنڈا بہنوں (رتوپرنا اور شویتاپرنا) کو بھی ملائیشین جوڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔مکسڈ ڈبلز میں دھرو کپیلا اور تنیشا کراسٹو بھی تین گیمز کے سخت مقابلے کے بعد شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔












