نئی دہلی، (یو این آئی) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان پیر کی شام ایک روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان پہنچے، جہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے خود ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ شیخ آل نہیان کی کچھ دیر بعد وزیر اعظم مودی کے ساتھ بات چیت ہوگی جس کے بعد وہ آج ہی اپنے وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔ شیخ آل نہیان کا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا ہندوستان کا تیسرا سرکاری دورہ ہے جبکہ گزشتہ ایک دہائی میں یہ ہندوستان کا ان کا پانچواں دورہ ہے۔ یہ دورہ حالیہ اعلیٰ سطحی تبادلوں سے حاصل ہونے والی مضبوط رفتار پر مبنی ہے، جن میں ستمبر 2024 میں ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان کا دورہ اور گزشتہ برس اپریل میں امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کا دورہ شامل ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو لوک کلیان مارگ پر واقع اپنی رہائش گاہ پر متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان اور ان کے خاندان کا استقبال کیا اور انہیں روایتی ہندوستانی تحائف، لکڑی کا نفیس جھولا اور پشمینہ شال پیش کی۔ شیخ نہیان شام کو سرکاری دورے پر یہاں پہنچے تھے۔ مودی نے ایئرپورٹ پر خود ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر نے بتایا کہ مودی نے شیخ نہیان کو لکڑی کا نفیس اور شاہانہ جھولا پیش کیا۔ یہ جھولا گجرات کی خوبصورت نقش و نگار والی لکڑی سے تیار کیا گیا ہے، جو گجرات کے کئی گھروں کا لازمی حصہ ہوتا ہے۔ اس جھولے پر باریک پھولوں اور روایتی ڈیزائنوں کی ہاتھ سے کندہ کاری کی گئی ہے، جو ماہر دستکاری کو ظاہر کرتی ہے۔ گجراتی ثقافت میں جھولا اتحاد، مکالمہ اور نسلوں کے درمیان تعلق کا علامتی نشان سمجھا جاتا ہے۔ یہ تحفہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ متحدہ عرب امارات نے سال 2026 کوخاندان کا سال قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم نے انہیں ایک سجی ہوئی چاندی کے ڈبے میں پشمینہ شال بھی پیش کی۔












