سہرسہ(سالک کوثر امام)آج مقامی ترقی بھون میں رکنِ پارلیمنٹ دنیش چندر یادو کی صدارت میں ضلع ترقی رابطہ و نگرانی کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں تکنیکی اور غیر تکنیکی محکموں کے تحت چل رہی ترقیاتی اسکیموں کی موجودہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور تمام منصوبوں کے معیاری، بروقت اور مؤثر نفاذ پر خاص زور دیا گیا۔میٹنگ میں مختلف عوامی نمائندوں جن میں سمری بختیارپور کے رکنِ اسمبلی سنجے کمار سنگھ، مہیشی کے رکنِ اسمبلی گوتم کرشن، سہرسہ صدر کے رکنِ اسمبلی آئی پی گپتا، قانون ساز کونسل کے رکن اجے کمار سنگھ، میئر بین پریا سمیت دیگر نمائندے موجود تھے۔ سبھی نے ضلع کی مجموعی ترقی کے حوالے سے اپنے قیمتی مشورے پیش کیے۔نوہٹہ بلاک کے تحت دیوکا بریاہی 22 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے تعلق سے تجویز پیش کی گئی، جس پر دیہی تعمیرات محکمہ سہرسہ کے ایگزیکٹو انجینئر کو فوری طور پر تجویز بھیجنے کی ہدایت دی گئی۔ پچگچھیا سے نوہٹہ چوک تک سڑک کی مناسب دیکھ بھال کے معاملے پر پتھ پرمنڈل کے ایگزیکٹو انجینئر کو ضروری کارروائی کا حکم دیا گیا۔کوشی باندھ کے اندرونی علاقوں میں بجلی سپلائی میں رکاوٹ کی اطلاع پر ایگزیکٹو انجینئر بجلی کو فوری حل نکالنے کی ہدایت دی گئی۔ زیرِ تعمیر اور زیرِ التوا پنچایت سرکار بھونوں کے کام میں تیزی لانے کے لیے مقامی علاقہ انجینئرنگ تنظیم کو فوری اقدامات کا حکم دیا گیا۔صفائی ملازمین کے لیے کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کی تعمیر کی تجویز پر نگر آیوکت کو فوری طور پر پروپوزل اور تخمینہ تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ این ایچ-107 کے کچھ حصوں میں نالوں کی صفائی میں رکاوٹ کے معاملے پر سب ڈویژنل آفیسر، سمری بختیارپور کو سروے کر کے مناسب فیصلہ لینے کو کہا گیا۔سون ورشا بلاک کے مہوا پنچایت میں کمیونٹی بھون و ورک شیڈ کی تعمیر شروع نہ ہونے کے سوال پر بتایا گیا کہ ٹینڈر عمل مکمل ہوتے ہی کام شروع کر دیا جائے گا۔ سلکھوا بلاک کے چانن پنچایت میں ڈینگرہی گھاٹ پر زیرِ تعمیر اعلیٰ سطحی پل کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ کام جلد مکمل ہوگا، جس سے آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔میٹنگ کے دوران بجلی کے تاروں کی مناسب دیکھ بھال، بڈکو کے تحت نل جل اسکیم کی سو فیصد فعالیت، نشہ کے خلاف مسلسل چھاپہ ماری مہم، صحت خدمات کے معیاری نفاذ اور تمام ترقیاتی اسکیموں کے بہتر عملدرآمد سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں، جن پر ضلع انتظامیہ نے سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ضلع مجسٹریٹ دیپیش کمار نے تمام متعلقہ محکموں کو میٹنگ میں دی گئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ میٹنگ میں ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر گورو کمار، ضلع اطلاعات و تعلقات عامہ افسر، ایڈیشنل کلکٹر سمیت تمام تکنیکی و غیر تکنیکی محکموں کے افسران موجود تھے۔












