لکھنؤ(یواین آئی) اترپردیش کے نوئیڈا سیکٹر 150 میں سافٹ ویئر انجینئر یووراج مہتہ کی موت کے معاملے پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کیا۔ راہل گاندھی نے منگل کی صبح ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس واقعے کوہندوستان کے شہری ڈھانچے کے زوال کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اصل مسئلہ پیسے، ٹیکنالوجی یا حل کی کمی نہیں بلکہ جواب دہی کے فقدان کا ہے۔اپنے پوسٹ میں انہوں نے یووراج مہتا کی تصویر بھی شیئر کی۔ قابل ذکر ہے کہ یووراج مہتا گروگرام کی ایک آئی ٹی کمپنی میں کام کرتے تھے اور نوئیڈا میں مقیم تھے۔ گزشتہ جمعہ کی رات وہ اپنے گھر واپس آ رہے تھے۔ شدید کہرے کے باعث حد نگاہ انتہائی کم تھی۔ سیکٹر 150 میں ٹاٹا یوریکا پارک کے نزدیکگھر سے ایک کلو میٹر سے بھی کم فاصلے پر، ان کی کار ایک تیز موڑ پر بے قابو ہو گئی اور تقریباً بیس فٹ گہرے پانی سے بھرے گڑھے میں جا گری۔ اس حادثے میں یووراج مہتا کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔دریں اثناء کانگریس کے سینئر رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے منگل کو کہا کہ منریگا محض ایک سرکاری اسکیم نہیں بلکہ یہ غریبوں اور مزدوروں کے وقار اور روزگار کے حق سے وابستہ ایک اہم پروگرام ہے، جسے کسی بھی قیمت پر کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ دو روزہ دورے پر اپنے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی پہنچے راہل گاندھی نے آج منشی گنج واقع رکن پارلیمنٹ رہائش گاہ پر عوامی نمائندوں اور تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات کی اور عوام کو مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے تقریباً دو کروڑ اکسٹھ لاکھ روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور انہیں عوام کے نام وقف کیا۔ اس کے ساتھ ہی تقریبا پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی سڑکوں اور دیگر کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس دوران راہل گاندھی نے رکن پارلیمنٹ رہائش گاہ پر سماجی تنظیموں اور مختلف وفود سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ بعد اذاں وہ آئی ٹی آئی واقع راجیو گاندھی اسٹیڈیم پہنچے جہاں یوتھ اسپورٹس اکیڈمی کی جانب سے منعقدہ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا، کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کیا اور نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب ہونے کا مشورہ دیا۔ اس کے بعد وہ نگر پالیکا چیئرمین کی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے دلہا دلہن کو آشیرواد دیا۔ بعد میں وہ روہنیا ترقیاتی بلاک کے اُسراں گاؤں پہنچے جہاں کانگریس کمیٹی کی جانب سے منعقد کیے جا رہے منریگا بچاؤ سنگرام چوپال پروگرام میں شرکت کی۔ چوپال میں موجود غریبوں، کسانوں اور مزدوروں سے بات چیت کے دوران راہل گاندھی نے منریگا کے تئیں مرکزی حکومت کی مبینہ عدم توجہی پر سوال اٹھائے اور اس اہم اسکیم کو ختم کیے جانے کی مبینہ کوششوں کی مخالفت کی۔ اس موقع پر امیٹھی کے رکن پارلیمنٹ کشور لال شرما اور ضلع کانگریس صدر پنکج تیواری سمیت دیگر کانگریسی رہنما بھی موجود تھے۔












