محمد زاہد امینی
نوح،میوات ،سماج نیوز سروس: علاقہ میوات کے معروف دینی ادارہ مدرسہ دارالعلوم محمدیہ (نزد کالا کھیڑا مہوں) میں گذشتہ 22جنوری 2026 بروز جمعرات کو سالانہ تعلیمی،اصلاحی وروحانی جلسہ دستار بندی نہایت ہی عظمت،وقار اور ایمان افروز ماحول میں منعقد ہواجس میں علاقہ میوات کی معروف علمی شخصیت حضرت مولانا محمد راشد صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ جامعہ دارالعلوم محمدیہ میل کھیڑلا وصدرجمعیتہ علماء صوبہ راجستھان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ حسبِ روایت پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامُ اللہ شریف سے ہوا،جس سے پورا مجمع نورِ قرآن سے منور ہو گیا۔تلاوت کے بعد سرورِ کائنات،فخرِ موجودات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں نہایت عقیدت و محبت کے ساتھ نعتیہ کلام پیش کیا گیا جس سے سامعین پر رقت و خشوع کی کیفیت طاری ہو گئی۔بعد اذاں مدرسہ کے درجن بھر طلباء عزیز نے دینی تقاریر اصلاحی مکالمات پر مشتمل شاندار تہذیبی و ثقافتی پروگرام پیش کر داد تحسین حاصل کی۔ اس کے بعد مدرسہ ہذا میں امسال تکمیل حفظ قران کریم کی سعادت حاصل کرنے والے 9خوش نصیب طلباء عزیز کی موجود علمائے کرام کے ہاتھوں دستار بندی کی گئی نیز انہیں سند فراغت سے بھی نوازا گیا جس پر حاضرینِ مجلس نے خوشی ومسرت کا اظہار کرتے ہوئے دل سے دعائیں دیں۔آخر میں حضرت مولانا محمد حسن صاحب مہتمم مدرسہ ہذا نے تمام معزز مہمانوں کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا نیز تمام حاضرین کے لئے پر تکلف ضیافت کے فرائض بھی انجام دیئے۔مولانا محمد راشد قاسمی کی رقت آمیز دعاء پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔پروگرام میں علاقہ بھر کے علماء وائمہ سمیت دیگر سینکڑوں معزز مہمانانِ گرامی شریک ہوئے،جن میں بالخصوصحضرت مولانا مفتی محمد صابر قاسمی (استادِ حدیث دارالعلوم محمدیہ میل کھیڑلا)حافظ ایوب صاحب (مہوں)حضرت مولانا رحیم الدین صاحب قاسمی (امام و خطیب گمٹ والی مسجد، فیروز پور جھرکا)مدرسہ دارالعلوم محمدیہ کے اساتذہ و ذمہ داران نے بھی پروگرام میں شرکت کی، جن میں حضرت مفتی عبدالواحد صاحب قاسمی، حافظ قاری ارشاد صاحب، حافظ وارث صاحب،مولانا عباس صاحب، حافظ مولانا محمد مبارک صاحب (ناظمِ تعلیمات جامعہ ہٰذا) اور بچوں کے ماسٹر وکیل ساکرس حضرت مولانا جمشید صاحب میؤلی، حضرت مولانا یحییٰ بن مولانا محمد حسن صاحب اور حضرت مولانا محمد ارمان صاحب رنسیکا (مدرس مدرسہ جامعہ عائشہ للبنات مٹھےپوری وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔












