ناظم بیگ
بلند شہر، سماج نیوز سروس: یوم جمہوریہ کے موقع پر کلکٹریٹ ، پولیس لائن سمیت دیگر سرکاری و غیر سرکاری دفا تر اور اسکول ،کالجوں نیز مدارس اسلامیہ میں پرچم کشائی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔کلکٹریٹ کے احاطے میں ضلع مجسٹریٹ مسز شروتی کے ذریعے پرچم کشائی کے بعد اجتماعی طور پر قومی ترانہ پیش کیا گیا ۔ ڈی ایم نے موجود سبھی افسران اورملازمین کو حب الوطنی کا حلف بھی دلا یا ۔پرچم کشائی کی تقریب کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں موجود طلباء، آزادی پسندوں اور ان کے اہل خانہ کو اعزاز سے نوازا۔اس مو قع پر طلباء نے قومی ترانہ پیش کیا اور شہداء کویاد کیا ۔ ضلع مجسٹریٹ مسز شروتی نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے خطا ب میں کہا کہ آزادی کی جنگ لڑنے والے جوانوں نے ملک کو آزاد کرانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آزادی کے بعد ہمارا آئین 26 جنوری 1950 کو ایک جمہوریت کے طور پر نافذ ہوا، ہمیںفخر ہے کہ ہمیں ایک بہت اہم آئین ملا ہے جو دنیا کا سب سے بڑا آئین ہے ۔ہمارے دانشوروںنے بہت سوچ سمجھ کر بہت اچھا آئین لکھاہے ۔ہمارا ملک اسی آئین سے چل رہاہے اور آگے بڑھ رہاہے ۔ آئین لکھنے والوں نے مشکل حالات میں بھی سماجی اتحاد کو برقرار رکھا، زبان، مذہب، ذات پات اور جنس سب کو مساوی حقوق دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک دنیا کی چوتھی بڑی معیشت بننے کی طرف گامز ن ہے ۔ ہم سب کو اپنے چھوٹے چھوٹے ذاتی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملک کو آئین کے مطابق آگے لے جانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ہم سب کو جمہوریت کو بچانا ہے تاکہ ہمارا آئین صدیوں تک ایک جمہوری ملک رہے۔اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ محترمہ شروتی نے ضلع کے تمام باشندوں کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی۔اس مو قع پر اے ڈی ایم فائنانس اینڈ ریونیو ابھیشیک کمار سنگھ ،اے ڈی ایم انتظا میہ پرمود کمار پانڈے ،اے ڈی ایم جوڈیشل بھرت رام یادو اور دیگر افسران موجود تھے۔












