ڈونگرپور، (یو این آئی) راجستھان کے وزیرِ اعلیٰ بھجن لال شرما نے ریاست میں اچھی حکمرانی اور عوام کو راحت فراہم کرنے کی کوششوں کے تحت سمپرک پورٹل پر درج شکایت کے معاملے میں فوری راحت دینے کی ہدایت دی، جس کے بعد ضلع انتظامیہ ڈونگرپور نے مستعدی دکھاتے ہوئے محض دو گھنٹوں میں مسئلے کا حل کرکے اچھی حکمرانی کی مثال پیش کی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ انکت کمار سنگھ نے ہفتے کے روز بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ شرما نے جمعہ کے روز ڈونگرپور کے بوڈی گام چھوٹا کے رہائشی جتیندر سنگھ سے سمپرک پورٹل پر درج معاملے کے سلسلے میں بات کی اور ان کے بچوں کے مستقل رہائش اور ذات سے متعلق سرٹیفکیٹ کے لیے سات دن قبل دی گئی درخواست کے ازالے کی ہدایت دی۔ اس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے محض دو گھنٹوں میں ہی مستقل رہائش اور ذات سے متعلق سرٹیفکیٹ جاری کرکے شکایت کنندہ کو راحت فراہم کی گئی۔مسٹر سنگھ نے بتایا کہ تحصیل سابلا کے بوڈی گام چھوٹا کے رہائشی جتیندر سنگھ نے اپنے دو بچوں کے لیے مستقل رہائش اور ذات سے متعلق سرٹیفکیٹ بنوانے کی درخواست کے سلسلے میں جمعرات کے روز سمپرک پورٹل پر شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کے روز سہ پہر تین بجے وزیرِ اعلیٰ کے دفتر سے اس بارے میں اطلاع ملتے ہی صرف دو گھنٹوں کے اندر اندر مستقل رہائش اور ذات سے متعلق سرٹیفکیٹ جاری کروا دیے گئے۔












