کانپور، پریس ریلیز،ہماراسماج: شہرِ کانپور کی عظیم دینی و تربیتی درسگاہ اور مشرقی اتر پردیش کا مرکزی ادارہ جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ (بانی: مجاہد اسلام حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ) میں تعلیمی سال کے اختتام پر سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور 10/شوال المکرم 1447ھ مطابق 29/ مارچ 2026بروز اتوار تک کیلئے سالانہ تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونے والے اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو ناظم جامعہ اور سینئر اساتذہ کے دستِ مبارک سے انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا۔اس موقع پر طلباء کو الوداعی نصیحت کرتے ہوئے ناظم جامعہ مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء اتر پردیش نے فرمایا کہ تعطیلات کا مطلب تعلیم سے کنارہ کشی ہرگز نہیں ہے۔ انہوں نے طلباء کو تاکید کی کہ وہ چھٹیوں کے ایام کو ضائع نہ کریں بلکہ اپنا محاسبہ کریں کہ گذشتہ سال کیا کمی رہ گئی اور آئندہ سال اسے کیسے دور کرنا ہے۔ مولانا نے خاص طور پر سفر کے دوران احتیاط برتنے، اپنا شناختی کارڈ (آدھار کارڈ) ہمراہ رکھنے اور اجنبیوں سے غیر ضروری بحث و مباحثہ سے گریز کرنے کی ہدایت دی۔ مولانا امین الحق نے عصر حاضر کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ تعطیلات کے دوران موبائل کا غیر ضروری استعمال ترک کرکے وقت کو تعمیری کاموں، مثلاً ڈرائیونگ، انگلش اسپیکنگ یا دیگر مفید ہنر سیکھنے میں صرف کریں۔ انہوں نے حفاظ کرام کو رمضان المبارک میں تراویح سنانے اور دیگر طلباء کو قرآن پاک اور اسباق کی دہرائی کی سخت تاکید کی۔ مزید برآں 11/ شوال سے مدرسہ کھلنے اور داخلوں کے آغاز کے حوالے سے پابندیِ وقت کا عہد لیا۔جامعہ کے سینئر استاذ مولانا محمد اکرم جامعی نے اپنے کلیدی خطاب میں طلباء کو ’’سلام‘‘ کو عام کرنے اور نمازوں کے اہتمام کی تلقین کی۔ انہوں نے فرمایا کہ کتابوں سے اپنا تعلق مضبوط رکھیں، بالخصوص حضرت مولانا شاہ ابرار الحق صاحبؒ کی تصنیف ’’دعوتِ حق‘‘کی تینوں جلدوں کا مطالعہ کریں جس سے ایمان کو تازگی اور فکر کو جلا ملتی ہے۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ صحابہ کرامؓ کی طرح اپنے دلوں کو ہر طرح کی گندگی سے صاف رکھیں۔مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر جامعہ کے اساتذہ کرام مولانا محمد شفیع مظاہری، مولانا نور الدین احمد قاسمی، مولانا محمد فرید الدین قاسمی، مولانا محمد کوثر جامعی، مفتی سعود مرشدی بانکوی، مفتی عزیز الرحمن قاسمی، مولانا محمد انجم مظاہری، مولانا عبد الجبار اسعدی، قاری شمس الہدیٰ قاسمی، مولانا محمد داؤد قاسمی، مولانا محمد ہارون قاسمی، مولانا محمد ثمین قاسمی، مفتی محمد واصف قاسمی، مفتی محمد ذکوان قاسمی، مولانا محمد حذیفہ قاسمی، مولانا محمد ہاشم قاسمی، مولانا مسعود احمد جامعی، مولانا عبد العظیم قاسمی، مولانا حبیب الرحمن قاسمی، قاری عبد المعید چودھری، قاری بدر الزماں قریشی، مولانا محمد سعود جامعی اور ماسٹر محمد شاداب سمیت جملہ اساتذہ و طلبہ موجود رہے۔












