دبئی، (یواین آئی ) آسٹریلین اوپن 2026 کا تاج سر پر سجانے والی ایلینا ریباکینا رواں ماہ 15 فروری سے شروع ہونے والی دبئی ڈیوٹی فری ٹینس چیمپئن شپ میں توجہ کا مرکز ہوں گی۔ میلبورن میں ارینا سبالینکا کو شکست دے کر اپنا دوسرا گرینڈ سلیم جیتنے والی ریباکینا اب دبئی کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گی۔26 سالہ ایلینا ریباکینا، جو اب دنیا کی نمبر 3 کھلاڑی بن چکی ہیں، کے لیے یہ ٹورنامنٹ کسی ‘ہوم کمنگ سے کم نہیں۔ ریباکینا 2024 سے دبئی کی مستقل رہائشی ہیں اور انہیں یہاں مقامی شائقین کی بھرپور حمایت حاصل رہتی ہے۔وہ اس ٹورنامنٹ میں پانچ مرتبہ شرکت کر چکی ہیں، جس میں 2020 میں فائنل اور گزشتہ سال سیمی فائنل تک رسائی شامل ہے۔ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں ان کی طاقتور سروس اور پرسکون انداز نے ثابت کیا کہ وہ اس وقت دنیا کی خطرناک ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔دبئی کا یہ WTA 1000 ایونٹ کسی بڑے گرینڈ سلیم سے کم نہیں ہوگا کیونکہ اس میں دنیا کی بہترین ٹاپ 20 خواتین کھلاڑی شرکت کر رہی ہیں۔ میلبورن کے آٹھوں کوارٹر فائنلسٹ دبئی کے ہارڈ کورٹس پر آمنے سامنے ہوں گے۔












