نئی دہلی، (یو این آئی ) دارالحکومت میں جاری ’12ویں پدم شری شیام لال میموریل ہاکی ٹورنامنٹ’ میں میزبان ٹیموں اور ابھرتے ہوئے ستاروں کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے پہلے دن کے مقابلوں میں جہاں میزبان شیام لال کالج (مارننگ) نے اپنی برتری برقرار رکھی، وہیں خواتین کے زمرے میں جے ڈی ایم نے بھی فتح کا جھنڈا گاڑ دیا مردوں کے زمرے میں میزبان شیام لال کالج (مارننگ) نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کِروڑی مل کالج کو 5-0 کے بڑے فرق سے دھول چٹائی۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی مسلسل تیسری جیت ہے۔ہیرو آف دی میچ: نند کشور نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو گول داغے اور ‘پلیئر آف دی میچ کا اعزاز پایا۔ شلوک، پنکج اور ہرش نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھا کر جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔خواتین کے زمرے میں جانکی دیوی مہاودیالیہ اور شیاما پرساد مکھرجی کالج کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ جے ڈی ایم کی کومل نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 سے جیت دلائی۔ انجلی کو ان کے دفاعی کھیل پر ‘پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ایس آر سی سی بمقابلہ ہنس راج: شری رام کالج آف کامرس نے ہنس راج کالج کو 4-2 سے مات دی۔ فاتح ٹیم کے لیے سمکت، منسمر، اندرپال اور آیوش نے گول کیے۔ سمکت کو میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔شیام لال کالج (ایوننگ) کی ٹیم نے بھی کِروڑی مل کالج کو 3-1 سے ہرا کر اپنی طاقت کا لوہا منوایا۔ راگھو نے دو گول کیے جبکہ روہت کو ‘پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔












