راجپورہ/ جالندھر ،پریس ریلیز،ہمارا سماج: مدرسہ دعوت الایمان راجپورہ ضلع پٹیالہ پنجاب میں محفل عظمت قرآن کریم کے عنوان پر حفاظ طلباء کی دستاربندی کا ایک پروگرام پنجاب کے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مفسر قرآن، مدیر ماہنامہ ارمغان حضرت مولانا وصی سلیمان ندوی شریک ہوئے۔ اس موقع پر شاہی امام پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام کے ماننے والے اپنے اخلاق کی اعلیٰ تعلیم کے بل بوتے پر اسلام کے پرستار ہوئے ہیں، یہ کسی راجہ یا مغلوں کی وجہ سے مسلمان نہیں ہیں، یہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیاری تعلیمات کے طفیل ان کے شیدائی بنے ہیں، تعلیمات کیا ہیں، کہ عورتوں پر بچوں پر کمزوروں پر کسی بھی حالت میں ظلم نہیں کیا جائے گا، مظلوموں کی دادرسی کی جائے گی اور ظالم کا مقابلہ کیا جائے گا۔ مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے کہا کہ پنجاب کے لوگ ملک میں اخوت و محبت کا بیج بونے کی ضد کئے بیٹھے ہیں۔ لوگ یہاں اس ملک میں جتنا چاہیں آگ لگانے اور ماحول خراب کرنے کی کوشش کریں مگر اہل پنجاب اور مسلمان اپنی تاریخی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے یہاں کے پیار و محبت کے پیغام کو عام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر ادارے سے حفظ سے فارغ ہونے والے آٹھ خوش قسمت حفاظ کرام کی دستاربندی کی گئی جبکہ مدرسہ سید آدم بنوری قصبہ بنوڑ کے ایک طالب کی دستاربندی کا مبارک کام بھی انجام کو پہنچا۔ علاوہ ازیں مدرسہ دعوت الایمان راجپورہ کے تئیس اور مکتب دعوت الایمان بھپل کے نو بچوں یعنی کل تیس بچوں نے ناظرہ قرآن کریم مکمل کیا۔ اس موقع پر قرآن کریم کی عظمت پر مفسر قرآن حضرت مولانا وصی سلیمان ندوی ایڈیٹر ماہنامہ ارمغان نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ قرآن کریم خداوند کریم کا ایسا معجزہ ہے جس نے کائنات میں چھپے رازوں اور پہلی قوموں کے عروج و زوال کی داستانیں کھول کر رکھ دیں، ایسے کلام کے حفظ پر بہت سی بشارتیں اور رب کریم کے ہزاروں احسانات شامل ہیں۔ اس موقع پر حضرت مولانا مفتی محمد شعیب عالم قاسمی کٹیسروی، قاری آس محمد مہتمم جامعہ نورالعلوم ستاریہ تلہیڑی بزرگ، مولانا محمد جاوید ندوی انبالہ، مولانا عبدالغفور ہوشیارپوری مالیرکوٹلہ وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض مفتی ذکی اللہ قاسمی نابھہ نے انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد سہیل مدرس مدرسہ کی تلاوت آیات اور محمد ایان، بلال احمد اور قاری عبدالستار یمنانگری کی نعت پاک سے ہوا۔ مہتمم مدرسہ مولانا ولی الدین ولی شمالی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر مولانا ندیم احمد قاسمی پنچکولہ، حاجی محمد شمشاد پھلت، قاری محمد یعقوب منصورپور، قاری وثیق احمد بنوڑ، قاری محمد عرفان حقانی روہیڑا مالیر کوٹلہ، قاری محمد صادق یزدانی فرواہی مالیرکوٹلہ، مولانا نعمان سیل، قاری محمد رافع، حکیم محمد شہزاد بسی عیسیٰ خان، مولانا محمد طالب، قاری علی احمد نگل چھڑبڑ، قاری محمد اکرام، قاری محمد اسلام کریمی، مولانا محمد فرقان ندوی، قاری محمد عالم امام پنجور، محمد جعفر پنجور، قاری عبدالرحمن، مولانا صلاح الدین لاچڑو اور مولانا اطہر نعمت پور سمیت درجنوں ائمہ علماء نے شرکت کی۔












