ممبئی، (یو این آئی) ہندوستان کے تیز گیند باز ہرشیت رانا 7 فروری سے ہندوستان اور سری لنکا میں شروع ہونے والے 2026 ٹی-20 ورلڈ کپ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے آغاز میں 24 گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، اور رانا کی عدم دستیابی کا اشارہ کپتان سوریہ کمار یادو نے دیا ہے۔ورلڈ کپ میں ہندوستان کے پہلے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سوریہ کمار یادو نے کہا، "وہ ابھی مکمل طور پر باہر نہیں ہوئے ہیں، لیکن ان کا کھیلنا مشکوک لگ رہا ہے۔ بدھ کو جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ کے دوران انہیں معمولی چوٹ لگی تھی، لیکن صورتحال بہت زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہے۔”دفاعی چیمپئن ہندوستان ہفتہ (7 فروری) کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں امریکہ کے خلاف اپنے مشن کا آغاز کرے گا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ میں ہرشیت نے صرف ایک اوور کرایا اور پھر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ بعد میں ان کی ران پر پٹی بندھی ہوئی دیکھی گئی۔ سوریہ کمار کا کہنا تھا کہ فزیو ان کا معائنہ کر رہے ہیں اور حتمی فیصلہ شام تک کر لیا جائے گا، تاہم فی الحال حالات سازگار نظر نہیں آ رہے۔ہرشیت رانا ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو بیٹنگ میں بھی گہرائی فراہم کرتے ہیں۔ اگر وہ دستیاب نہیں ہوتے تو اکشر پٹیل کے نمبر 8 پر کھیلنے کی توقع ہے، جبکہ جسپریت بمراہ اور ارشد یپ سنگھ ٹیم کے اہم فاسٹ باؤلرز ہوں گے۔سوریا کمار نے مسکراتے ہوئے کہا، "فکر نہ کریں، کل کے لیے ہمارے پاس 11 کھلاڑی موجود ہیں۔ لیکن یہ یقینی طور پر ایک دھچکا ہے کیونکہ 15 کھلاڑیوں کا دستہ مختلف کامبینیشنز کو ذہن میں رکھ کر بنایا جاتا ہے۔ اگر وہ دستیاب نہیں ہوتے تو ہم متبادل کھلاڑی تلاش کریں گے۔ ہمارے پاس کافی کھلاڑی موجود ہیں جنہیں ہم اس ٹورنامنٹ میں آزما سکتے ہیں۔”کپتان نے مزید کہا کہ اگر ہرشیت باہر ہوتے ہیں تو ٹیم ان کے متبادل کے طور پر ایسے گیند باز کو ترجیح دے سکتی ہے جو تھوڑی بلے بازی بھی کر سکے، تاہم یہ کوئی لازمی شرط نہیں ہوگی۔ 24 سالہ رانا نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں 52 رن کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی بلےبازی کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا، یہی وجہ ہے کہ ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔












