نئی دہلی ، (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی آج آسام کے دورے پر رہیں گے۔ جہاں وہ 5,450 کروڑ روپے سے زیادہ کے بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔ وزیرِاعظم تقریباً صبح ساڑھے دس بجے ڈبروگڑھ کے موران بائی پاس پر واقع ایمرجنسی لینڈنگ سہولت پہنچیں گے جہاں لڑاکا طیاروں، ٹرانسپورٹ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی فضائی نمائش پیش کی جائے گی۔ یہ شمال مشرق کی پہلی ایسی سہولت ہے جسے ہندوستانی فضائیہ کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے تاکہ ہنگامی حالات میں فوجی اور شہری دونوں طرح کے طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف ممکن ہو سکے۔ اسے خطے کے لیے نہایت اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دوہرے استعمال کا یہ بنیادی ڈھانچہ قدرتی آفات اور اسٹریٹیجک ضروریات کے دوران بچاؤ اور راحتی کارروائیوں میں تیزی لائے گا۔ یہ سہولت 40 ٹن تک کے لڑاکا طیاروں اور 74 ٹن تک کے ٹرانسپورٹ طیاروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دوپہر تقریباً ایک بجے وزیرِاعظم، کمار بھاسکر ورما سیتو کا دورہ کریں گے جو برہم پتر پر تقریباً 3,030 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ چھ لین پر مشتمل پل گوہاٹی کو شمالی گوہاٹی سے جوڑتا ہے ۔












