جالے : محمد رفیع ساگر : مجسٹریٹ کوشل کمار نے ہفتہ کے روز سنگھواڑہ بلاک آفس احاطے میں مجوزہ نئی و جدید عمارت کے لیے نشان زد مقام کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و ٹھیکیدار کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار، تیز رفتار پیش رفت اور تمام تکنیکی اصولوں کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔معائنہ کے دوران سی او نیہا کماری نے بی ڈی او رہائش گاہ کے بغل میں موجود خالی پلاٹ سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ ڈی ایم نے بلاک آفس کے ایس ایف سی گودام احاطے سے بجلی کی فراہمی شاخ، مویشی پالن و زراعت دفتر، آئی سی ڈی ایس عمارت اور تھانہ احاطے کی زمین کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ موجودہ بلاک آفس کے قریب ہی نئی عمارت تعمیر کی جائے تاکہ عوام کو سہولت حاصل ہو۔ڈی ایم کی موجودگی میں نئے عمارت کے لیے منظور شدہ 180 ضرب 200 فٹ زمین کی باقاعدہ پیمائش کرائی گئی۔ انہوں نے سی او کو ہدایت دی کہ پرانے بلاک آفس کو جلد از جلد متبادل مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ نئی عمارت کی تعمیر کا کام بلا تاخیر شروع ہو سکے۔ موجودہ عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے اسے قواعد و ضوابط کے مطابق محفوظ طریقے سے منہدم کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ڈی ایم کوشل کمار نے بتایا کہ نئی عمارت میں بی ڈی او اور سی او آفس کے علاوہ پرمکھ، نائب پرمکھ کا دفتر، میٹنگ ہال اور سی ڈی پی او آفس ایک ہی چھت کے نیچے قائم ہوں گے، جس سے عام شہریوں کو تمام سرکاری سہولیات ایک ہی مقام پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے انتظامی کام کاج میں شفافیت اور تیزی آئے گی اور عوامی خدمات کی فراہمی مزید مؤثر ہوگی۔عوامی سہولت اور تحفظ کے پیش نظر چار دیواری کی تعمیر، زمین کی مناسب لیولنگ اور بارش کے پانی کی نکاسی کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔ اتربیل-جالے سڑک کے کنارے واقع بلاک آفس کے رابطہ سڑک اور نکاسی آب سمیت بنیادی ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ریونیو افسر منوج کمار، بلاک امین وجے کمار سمیت متعدد ملازمین موجود تھے۔ دورانِ معائنہ جن سوراج کے بلاک صدر منوج چودھری نے بلاک ہیڈ کوارٹر کے شمالی حصے میں مبینہ غیر قانونی قبضے کی شکایت کی، جس پر ڈی ایم نے سی او کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔عوامی نمائندوں میں مکھیا پپو چودھری اور پرمکھ کے نمائندے نیل منی جھا نے سنہ پور میں مجوزہ ڈگری کالج کے قیام کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے تجویز دی کہ جالے بلاک کے آس پاس نئے کالج کے بجائے ایم بی ڈی انٹر کالج رام پورہ میں دستیاب عمارت و زمین کو استعمال میں لایا جا سکتا ہے یا بلاک ہیڈ کوارٹر کے قریب ڈگری کالج قائم کیا جائے۔ اس پر ڈی ایم نے نمائندوں کو یقین دلایا کہ اس تجویز کو نوٹ کر کے مناسب سطح پر غور کیا جائے گا ۔












