سڈنی، (یوا ین آئی )ہندوستان اور آسٹریلیا کی خواتین ٹیموں کے درمیان کھیلی جا رہی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستانی بالرز نے میزبان ٹیم کو بے بس کر دیا۔ اروندھتی ریڈی کی چار وکٹوں اور رینوکا سنگھ کی نپی تلی بالنگ کی بدولت آسٹریلیا کی پوری ٹیم 18 اوورز میں محض 133 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بالرز نے بالکل درست ثابت کر دکھایا۔ رینوکا سنگھ نے اسٹار بلے باز بیتھ مونی کو صرف 5 رنز پر آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔اروندھتی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، انہوں نے خطرناک ایلکس پیری (20 رنز) اور سیٹ بلے باز فیبی لچفیلڈ (26 رنز) کو آؤٹ کر کے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ اروندھتی نے مجموعی طور پر 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔رینوکا سنگھ اور شری چرنی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کرانتی گوڑ اور دیپتی شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کی جانب سے جارجیا ویرہیم 30 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہیں، جبکہ فیبی لچفیلڈ نے 26 رنز بنائے۔ ایک وقت میں پیری اور لچفیلڈ کی شراکت سے ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہو جائے گا، لیکن وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے انہیں 133 رنز تک محدود کر دیا۔












