نئی دہلی، (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے متعلق عالمی کانفرنس کا انعقاد دنیا کے سامنے ہندوستان کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا بہترین موقع تھا، لیکن وزیرِ اعظم نریندر مودی کی تشہیر حاصل کرنے کی خواہش کے باعث اس چوٹی اجلاس کا ماحول بدنظمی کا شکار ہو گیا ہے۔ مسٹر کھڑگے نے منگل کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کی ڈیجیٹل اور اے آئی صلاحیتوں کو پیش کرنے کا یہ ایک شاندار موقع تھا، مگر کانفرنس میں بدانتظامی سے متعلق خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق تشہیر کی بھوک میں مبتلا مودی حکومت کی سنگین بدانتظامی کے باعث یہ کانفرنس افراتفری میں تبدیل ہو گئی۔ کانفرنس میں شریک اداروں، نمائش کنندگان اور زائرین کو اس وقت شدید مشکلات پیش آئیں جب وزیرِ اعظم نریندر مودی پہلے ہی دن اچانک تصویر کھنچوانے کے لیے کانفرنس مقام پر پہنچ گئے اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئیں۔












