بہارشریف (ایم ایم عالم) نالندہ ضلع کے دو واقعات میں ایک بزرگ سمیت 4 نوجوان کی سڑک حادثہ میں موت ہونے کا معاملہ رونما ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے واقعہ تلہاڑا تھانہ علاقہ کے کٹھار پل کے قریب منگل کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثے میں تین نوجوان کی المناک موت ہوگئی،جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہے اور اس کا پٹنہ کے پی ایم سی ایچ میں علاج چل رہا ہے۔مرنے والوں کی شناخت (22) سالہ روہت کمار ولد دلیپ کمار،سونو کمار (21) ولد ونی شنکر اور اودیش کمار (18) ولد ادے کمار ہے جو جہان آباد ضلع ہیڈکوارٹر کے صدر تھانہ علاقے کے تحت تین بیگھہ گاؤں کے رہائشی ہیں۔جبکہ سورج کمار (19) کو تشویشناک حالت میں اعلیٰ مرکز میں ریفر کر دیا گیا ہے۔اہل خانہ کے مطابق جاں بحق اور زخمی سبھی آپس میں چچا ذات بھائی تھے۔ وہ پٹنہ ضلع کے مسوڑہی میں ایک دوست کی بہن کے تلک کی تقریب میں شرکت کے بعد ایک سوئفٹ ڈیزائر کار میں نالندہ ضلع کے ایکنگر سرائے تھانہ علاقے کے تحت بھتو بیگھہ گاؤں واپس آئے تھے۔صبح پروگرام کے بعد وہ جہان آباد واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ کٹھار پل کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔کار بے قابو ہو کر پل کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔جائے وقوعہ پر تین نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔اطلاع ملنے پر تلہاڑہ پولیس نے علاقہ مکینوں کی مدد سے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ڈاکٹروں نے دو نوجوانوں کو مردہ قرار دیا، جبکہ دو کو پٹنہ ریفر کر دیا گیا۔ان میں سے ایک نوجوان راستے میں ہی دم توڑ گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں والوں اور متوفی کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔تلہاڑا پولس اسٹیشن آفیسر اجیت کمار ٹنکو نے بتایا کہ سڑک حادثہ میں تین لوگوں کی موت ہوگئی،جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔تمام لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ماڈل اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔متاثرہ خاندانوں کی جانب سے درخواستیں موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔دوسرا واقعہ سیلاؤ بازار میں پیش آیا جہاں ایک بزرگ اپنے پوتے کا رشتہ کر موٹرسائیکل سے اپنے گاؤں لوٹ رہے تھےکہ نامعلوم گاڑی کے زد میں آنے سے راجگیر تھانہ حلقہ کے ڈومری گاؤں رہائشی مرحوم باسودیو پاسوان کے 85 سالہ بیٹا کیلاس پاسوان کی موت ہو گئی جبکہ ایک افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے جسے ہائر سینٹر ریفر کر دیا گیا ہے۔












