پٹنہ، سماج نیوز سروس:جے ڈی یو کے متحرک لیڈر ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نےآر ایس ایس سپریمو موہن بھاگوت کے اقلیتوں کی گھر واپسی ‘‘ والے بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کر تے ہوئے کہا ہے کہ موہن بھاگوت کا بیان ملک کو توڑنے والا ہے اور آئین مخالف ہے۔یہ ملک قانون اور آئین سے چلتا ہے ،کسی ادارہ یا کسی فرد کے الٹے سیدھے بیان سے نہیں چلتا۔ کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کوئی بھی اقلیتی طبقہ چاہے وہ جین ہو ، عیسائی ہو ، مسلمان ہو کسی بھی اقلیتی طبقہ کی گھر واپسی کی بات کرے ، یہ صرف ملک کے بھولے بھالے لوگوں کو اکسانے والا بیان ہے اور ملک کوگمراہ کرنے والا بیان ہے ۔ڈاکٹر خالد انور نے موہن بھاگوت کے بیان پر جمعیۃ علما کے صدر مولانا ارشد مدنی کے رد عمل کی تائید کر تے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے بالکل صحیح رد عمل پیش کیا ہے میں انکے بیان کی تائید کر تا ہوں ۔واضح رہے کہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے لکھنؤ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہندو سماج میں اتحاد پر زور دیا اور ’’گھر واپسی‘‘ کے عمل کو تیز کرنے کی بات کہی ہے ۔ ساتھ ہی ہندوؤں کو نصیحت دی کہ ہندوئوں کی آبادی گھٹ رہی ہے اس لئےہند و کم از کم تین بچے پیدا کریں۔اس بیان پر مولانا ارشد مدنی نےاپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے کہ اس طرح کے بیانات بے مثال اور انتہائی تشویشناک ہیں، خصوصاً جب ’’بیس کروڑ مسلمانوں‘‘ کے لیے گھر واپسی جیسے الفاظ استعمال کیے جائیں۔












