دیوبند،سماج نیوز سروس: ماہِ مبارک کے پہلے جمعہ کو روزہ داروں نے دیوبند کی متعدد مساجد میں پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی ۔دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں معروف عالم دین مولانا مفتی سید عفان منصورپوری نے نماز جمعہ ادا کرائی ،بعد ازیںمولانا سلمان بجنوری نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ بندگی کا اصل منشاء اللہ کا قرب ہے۔ روزے کے ذریعہ اللہ کا قرب حاصل کرنا سب سے زیادہ آسان ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اللہ نے عبادات کو مقرر کیا ہے اس کا مقصد جنت تک کا راستہ آسان ہوجائے۔ مولانا سلمان بجنوری نے کہا کہ رمضان کے مہینہ میں اللہ کی رحمت سمندر کی طرح ہوتی ہے ، عام دنوں میں یہ رحمت دریا کے مانند ہوتی ہے۔ رمضان میں اللہ کی رحمت حدوں سے باہر نکل کر امت محمدیہ کے لئے جنت کا راستہ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں جو جیسی زندگی گزارتا ہے پورے سال اس کو اسی زندگی پر عمل پیرا رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہینہ کا اثر پورے سال کی زندگی پر نظر آنا ضروری ہے۔ انہوںنے کہا کہ اللہ نے روزے کو ایک الگ مقام عطا کیا ہے ،ہر عبادت سے اللہ کا قرب حاصل ہوتا ہے ، دیگر عبادات میں ریا کاری کا شبہ ہوتا ہے مگر روزہ ریاکاری سے دور ہوتا ہے۔ رمضان کے ان لمحات کو غنیمت جانتے ہوئے بڑی قدردانی کے ساتھ گزارنے کی فکر و کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ رمضان کے مبارک مہینہ میں دوسری عبادات کے ساتھ ساتھ صدقات و خیرات کی شکل میں راہ خدا میں دل کھولکر خرچ کرنے کا اہتمام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ عذاب قبر سے مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم سے نجات کا ہے۔ اس لیے لوگوں کو چاہئے کہ بہت زیادہ دعائیں کر کے اپنے رب کو راضی کریں۔دارالعلوم دیوبند کی مسجد چھتہ میں نماز جمعہ کے بعد جمعیۃ علماء ہند کے قائد اور معروف عالم دین مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے خطاب کے دوران اللہ کی رحمت و مغفرت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے رمضا ن کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہاکہ یقینا انسان بڑاگناہ گار ہے لیکن اللہ رحمت و مغفرت بہت بڑی ہے اسلئے ہمیںگناہوں سے اجتناب کرکے اللہ کی رحمت طلب کرنی چاہئے،اللہ تعالیٰ بہت بڑارحمت و مغفرت کرنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اورجمعہ دونوں بڑے قیمتی ہیں اسلئے اس پورے ماہ میں اور خاص طور پر جمعہ کے روز زیادہ سے زیادہ عبادت میں مشغول رہنا چاہئے۔مولانا ارشد مدنی نے کثرت سے عبادت اور ذکر واذکار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے کام آنے والوں اور نیکی کے راستہ پر چلنے والوں کو ہی اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت میں اجر عظیم سے نوازتے ہیں ۔دارالعلوم وقف کے قریب واقع سید کا لونی میں واقع مسجد تقویٰ میں دارالعلوم وقف کے استاذ حدیث مفتی عارف قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حدیث مبارکہ میں ہے کہ رمضان اللہ تعالیٰ کا خاص اور مقدس مہینہ ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس ماہ مبارک سے اللہ تعالیٰ کا خصوصی تعلق ہے۔












