احمد آباد، (یو این آئی): جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ شکری کونراڈ کے لیے ٹی-20 ورلڈ کپ کا اصل سنسنی خیز مرحلہ اب شروع ہوا ہے۔ بطور ہیڈ کوچ اپنے پہلے ہی بڑے ٹورنامنٹ میں کونراڈ کو سب سے مشکل چیلنج کا سامنا ہے، جہاں ‘سپر 8’ کے پہلے ہی مقابلے میں ان کا سامنا ٹیم انڈیا سے ہونے جا رہا ہے۔ کونراڈ اس میچ کو ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا معرکہ قرار دے رہے ہیں۔کونراڈ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا: گروپ اسٹیج کا ابتدائی دور میرے لیے تھوڑا گھبراہٹ بھرا تھا، لیکن اب صرف جوش و خروش ہے۔ ٹورنامنٹ کرکٹ کی سب سے بڑی رکاوٹ گروپ اسٹیج کو عبور کرنا تھا جو ہم نے کر لیا۔ اب ہمارے سامنے پہلے ہندوستان اور پھر ویسٹ انڈیز ہے، جن کے پاس دنیا کے بہترین اور باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ یہ بات مجھے کافی پرجوش کرتی ہے۔”اتوار کو احمد آباد کا اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہونے کی توقع ہے، جہاں شائقین کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ میچ کالی مٹی کی پچ پر کھیلا جائے گا، جس کے بارے میں امکان ہے کہ وہ سست رہے گی اور یہاں اسپنرز کا کردار کلیدی ہو جائے گا۔ کونراڈ نے بڑی چابکدستی سے دباؤ کا پانسہ میزبان ٹیم کی طرف پلٹتے ہوئے کہا کہ ہندوستان پر اپنی ہی سرزمین پر جیتنے اور تاریخ دہرانے کا زبردست بوجھ ہے۔کونراڈ کا اشارہ واضح طور پر ہندوستانی سلامی بلے باز ابھیشیک شرما کی طرف تھا، جو اب تک تین میچوں میں کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور دو بار آف اسپنرز کا شکار ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے نیٹ سیشنز میں ایڈن مارکرم اور ٹرسٹن اسٹبس آف اسپن کی بھرپور مشق کرتے نظر آئے، جو غالباً ہندوستانی ٹاپ آرڈر کے بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کو پریشان کرنے کی ایک چال ہو سکتی ہے۔ٹورنامنٹ میں اب تک بڑے اسکور نہ بننے کی وجہ بتاتے ہوئے کونراڈ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بہت کچھ داؤ پر لگا ہوتا ہے، اس لیے کھلاڑی دوطرفہ سیریز کی طرح بے خوف ہو کر نہیں کھیل پاتے۔ انہوں نے مزید کہا: "ہندوستان جیسی ٹیم پر ہمیشہ سب کی نظریں ہوتی ہیں۔ ان پر سیمی فائنل اور فائنل تک پہنچنے کا شدید دباؤ ہوگا۔ ہمیں امید ہے کہ ہم اس کا فائدہ اٹھا کر انہیں مشکل میں ڈال سکیں گے۔”جنوبی افریقہ اس حقیقت سے بھی واقف ہے کہ جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی پر مشتمل ہندوستانی گیند بازی اور مضبوط بلے بازی ان کا سخت امتحان لے گی۔ کونراڈ کے مطابق، اگر وہ ہندوستان کے ابتدائی حملے کو روکنے میں کامیاب رہے، تو نتائج ان کے حق میں آ سکتے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ایشان کشن 11 چھکوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے ریان رکلٹن بھی 8 چھکوں کے ساتھ فارم میں ہیں۔












