جے پور، (یو این آئی) راجستھان اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں پیر کی رات محکمہ جنگلات اور ماحولیات کے 18 ارب 75 کروڑ 26 لاکھ 67 ہزار روپے کے گرانٹ کے مطالبات کو صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔قبل ازیں محکمہ کے گرانٹ کے مطالبات پر بحث کا جواب دیتے ہوئے جنگلات اور ماحولیات کے وزیر مملکت سنجے شرما نے یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ریاست کی معیشت، زراعت اور ماحولیات کی لائف لائن اراولی کے تحفظ کے لیے پوری طرح پابند عہد ہے۔ اس سال کے بجٹ میں اراولی میں شجرکاری، اس کے تحفظ اور اراولی سے نکلنے والے دریاؤں کے منبع کی بہتر دیکھ بھال کے لیے 130 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ 5 جون کو وزیر اعلی بھجن لال شرما نے اراولی کے تحفظ سے متعلق ایک خصوصی پروجیکٹ کا افتتاح کیا ہے۔ مسٹر شرما نے کہا کہ راجستھان کو ملک کی پہلی آلودگی سے پاک سبز ریاست بنانے کے لیے حکومت، سماج اور صنعتی دنیا کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی اور اب تک کی گئی کوششیں حوصلہ افزا ہیں۔ گزشتہ دو سال میں، ہریالو راجستھان کے تحت، مکھیہ منتری ورکشاروپن مہا ابھیان میں 10 کروڑ پودے لگانے کا ہدف تھا، لیکن حکومت اور سماج کی مربوط کوششوں سے 18 کروڑ 54 لاکھ پودے لگائے گئے۔ اسی طرح سال وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی ایک پیڑ ماں کے ناممہم کے تحت 2024-25 میں 3 کروڑ کے ہدف کے مقابلے میں 7.34 کروڑ اور 2025-26 میں 1.8 کروڑ کے ہدف کے مقابلے میں 8.37 کروڑ پودے لگائے گئے۔مسٹر شرما نے ریاست کے ہر ضلع میں دو شری رام واٹیکا کی تیاری، شاہ پورہ (جے پور) میں بھارت رتن مسٹراٹل بہاری واجپائی کا قدآدم مجسمہ نصب کرنے، راجستھان فاریسٹری اینڈ وائلڈ لائف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی الور شاخ کے ذریعہ نوجوانوں کو نیچر گائیڈ کی ٹریننگ دینے، ایک ضلع ایک پرجاتی پروگرام کے تحت ہرضلع کے لیے مقرر کردہ اقسام کے سیڈ فاریسٹ کا قیام، محکمہ جنگلات میں ہیڈکوارٹر کی سطح پر جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایک نئے جی آئی ایس سنٹر کا قیام، ریاست بھر میں فصلوں کو نقصان پہنچانے والے جنگلی سؤروں کو مارنے سے متعلق احکامات پر عمل درآمد، ٹائیگر پروجیکٹ کے علاقے میں کام کرنے والے ماتحت خدمات کے ہر کیڈر کے ایک ملازم کو ہرسال قابل ستائش کام کرنے پر ریاستی سطح پر ایوارڈ سے سرفرازکرنے، محکمہ جنگلات میں کام کرنے والے فیلڈ اسٹاف کو دور دراز اور ناقابل رسائی جنگلاتی علاقوں میں گشت اور مسلسل نگرانی کے لیے اسی مالی سال میں 460 موٹر سائیکلوں کی فراہمی، محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ اور جنگلاتی جرائم کی روک تھام کے لیے ریجنل فاریسٹ آفیسرز اور فاریسٹ گارڈز کو گلوپسٹل اور ہر چوکی پر دو ایس ایل آر رائفلز کی فراہمی کا اعلان کیا۔












