ہبلی، (یواین آئی ) جموں و کشمیر کے کپتان پارس ڈوگرا پر رنجی ٹرافی فائنل کے دوسرے دن کرناٹک کے کھلاڑی کے وی انیش کو سر سے مارنے کے واقعے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔واقعہ بدھ کو میچ کے دوسرے دن 101ویں اوور میں پیش آیا۔ پہلے دن ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے ڈوگرا نے 99ویں اوور میں عبدالصمد کے آؤٹ ہونے کے بعد دوبارہ بیٹنگ شروع کی۔ اس دوران انہیں شارٹ پچ گیندبازی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کرناٹک کے فیلڈرز کی جانب سے سلیجنگ بھی جاری رہی۔صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب 101ویں اوور میں ڈوگرا نے ایک گیند کو عجیب انداز میں باؤنڈری کی طرف کھیلنے کے بعد سلی پوائنٹ پر موجود متبادل کھلاڑی کے وی انیش کے ہیلمٹ کی گرِل پر سر مار دیا۔واقعے کے فوراً بعد کرناٹک کے سابق کپتان مینک اگروال غصے میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان آ گئے، جبکہ امپائروں نے مداخلت کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کیا۔ بعد ازاں کرناٹک کے کپتان دیودت پڈیکل اور امپائروں کے درمیان بھی طویل گفتگو دیکھنے میں آئی۔ڈوگرا نے اوور کے اختتام پر انیش سے معذرت کی، تاہم امپائروں کو ایک بار پھر بیچ بچاؤ کرنا پڑا۔ ڈوگرا بالآخر دوسرے سیشن میں 70 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔












