چنئی، (یو این آئی) ہندوستانی کپتان سوریا کمار یادو نے زمبابوے کے خلاف بڑی جیت کے باوجود اپنی ٹیم کی گیند بازی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ چنئی میں کھیلے گئے اس میچ میں فتح نے ہندوستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی دوڑ میں تو برقرار رکھا ہے، لیکن کپتان کا ماننا ہے کہ اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے فیصلہ کن میچ سے قبل ٹیم کو اپنی خامیاں دور کرنی ہوں گی۔سپر 8 کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ سے زبردسدت شکست کے بعد، ہندوستانی بلے بازوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے چپاک کے میدان پر 256/4 کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا ۔ اگرچہ زمبابوے کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں کبھی بھی خطرہ ثابت نہیں ہوئی، لیکن وہ پھر بھی 184 رن بنانے میں کامیاب رہی۔ خاص طور پر چھٹے گیند باز کے طور پر شیوم دوبے مہنگے ثابت ہوئے، جنہوں نے اپنے محض دو اووروں میں 46 رن لٹا دیے۔سوریا کمار یادو نے یکم مارچ کو ایڈن گارڈنز میں ہونے والے ‘ورچوئل کوارٹر فائنل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:”ہمیں گیند کے ساتھ مزید بہتر ہونا چاہئے تھا۔ جیت تو جیت ہوتی ہے، لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے لیے ہمیں اپنی گرفت مزید مضبوط کرنی ہوگی۔”انہوں نے مزید کہا کہ وہ زمبابوے کے بلے بازوں سے کریڈٹ نہیں چھیننا چاہتے کیونکہ انہوں نے سمجھداری سے بلے بازی کی، لیکن ہندوستان کو اپنی حکمت عملی اور آپشنز کے معاملے میں زیادہ ہوشیار رہنے کی ضرورت تھی۔تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان نے بتایا کہ ٹیم نے گزشتہ میچوں کی تلخیوں کو پیچھے چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا، ہمارے ویڈیو اینالسٹ نے تمام بلے بازوں اور گیند بازوں کے لیے ایک خاص سلائیڈ تیار کی تھی، جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران ہماری بہترین کارکردگی کو اجاگر کیا گیا تھا۔ اسے دیکھ کر ٹیم میں مثبت سوچ اور وضاحت پیدا ہوئی۔”دوسری جانب، زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ ان کی ٹیم کو بڑی ٹیموں کو چیلنج کرنے کے لیے تمام شعبوں میں جان لڑانی ہوگی۔ اس شکست کے ساتھ ہی زمبابوے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے۔












