نئی دہلی،سماج نیوز سروس: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے اتوار کو دہلی کے جنتر منتر پر ایک عظیم الشان ریلی سے ملک سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ 140 کروڑ لوگ مل کر اس آمرانہ حکومت کو اقتدار سے بے دخل کریں گے۔ بی جے پی والے اقتدار کی سیاست کریں، ہم عوام کی خدمت کریں گے۔ آج سے تبدیلی کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی جی بار بار کہتے رہے کہ دہلی والوں کا بیٹا بدعنوان ہے، مگر عدالت نے واضح کر دیا کہ کیجریوال کٹر ایماندار تھا، ہے اور رہے گا۔ کانگریس کی بدعنوانی سے تنگ آ کر عوام نے بڑی امیدوں کے ساتھ مودی جی کو مکمل اکثریت دی تھی، لیکن آج ملک کا ہر شعبہ تباہی کی حالت میں ہے۔ اس موقع پر دہلی، پنجاب، گجرات، گوا سمیت مختلف ریاستوں سے آئے پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور ہزاروں عام شہریوں نے نعرہ لگایا:پڑھا لکھا دم دار ہے، میرا کیجریوال کٹر ایماندار ہے”۔اروند کیجریوال نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں سے وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ نے سازش کر کے دہلی کے لوگوں کو بے حد پریشان کیا۔ روز میڈیا میں کہا جاتا تھا کہ کیجریوال چور ہے، بدعنوان ہے، اس نے شراب گھوٹالہ کیا، 100 کروڑ روپے کھا گیا۔ عدالت کے فیصلے نے واضح کر دیا کہ پورا کیس فرضی تھا اور کوئی ثبوت موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ مودی جی، امت شاہ اور بی جے پی کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔کیجریوال نے کہا کہ وہ اپنے ملک سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ آئی آئی ٹی میں اعلیٰ نمبر حاصل کرنے کے بعد وہ امریکہ جا سکتے تھے، مگر انہوں نے ملک میں رہ کر انکم ٹیکس محکمہ میں اسسٹنٹ کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک سی اے نے رشوت دینے کی کوشش کی مگر انہوں نے صاف انکار کر دیا۔میں نے مودی جی کا کیا بگاڑا ہے کہ وہ مجھ سے نفرت کرتے ہیں؟ کیجریوال نے کہا کہ پورے محکمے میں ان کی ایمانداری کی مثال دی جاتی تھی۔ دس سال دہلی کے وزیر اعلیٰ رہے مگر ایک روپے کی بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایک ٹھیکیدار بھی یہ کہہ دے کہ کیجریوال نے پیسے مانگے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں عوام نے بڑی امیدوں کے ساتھ مودی جی کو اقتدار دیا، مگر 12 برسوں میں نہ سڑکیں بہتر ہوئیں، نہ پانی، نہ سیور، نہ بجلی، بلکہ ہر شعبہ زوال کا شکار ہو گیا ہے۔ ایئر لائن، ریلوے، بینک، اسکول، اسپتال سب متاثر ہوئے ہیں۔کیجریوال نے کہا کہ پورے ملک میں امتحانی پرچے لیک ہو رہے ہیں اور بچوں کا مستقبل برباد ہو رہا ہے، جبکہ مودی جی "پریکشا پر چرچا” کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی سڑکیں بہترین ہیں، مگر بی جے پی کے زیر اقتدار گجرات میں جگہ جگہ گڑھے ہیں۔












