تل ابیب، (یو این آئی ) ایران کی جانب سے کیے گئے حالیہ میزائل حملوں نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے اسرائیلی اخبار ہرٹز نے بلدیہ حکام کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ حملوں کے نتیجے میں شہر کی کم از کم 40 عمارتیں شدید متاثر ہوئی ہیں، جس سے شہری ڈھانچے کو بڑا نقصان پہنچا ہے رپورٹ کے مطابق، ہفتے کے روز ہونے والی اس شدید بمباری کے بعد 200 سے زائد اسرائیلی شہریوں کو ان کے تباہ شدہ گھروں سے نکال لیا گیا ہے۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر تل ابیب کے تین مختلف ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا ہے تاکہ انہیں عارضی پناہ فراہم کی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔تل ابیب کی بلدیہ کے حکام نے بتایا ہے کہ انجینئرز اور امدادی ٹیمیں متاثرہ عمارتوں کا تکنیکی جائزہ لے رہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کون سے ڈھانچے دوبارہ رہنے کے قابل ہیں۔ بلدیہ کی جانب سے شہریوں کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، تاہم مسلسل سائرن بجنے اور نئے حملوں کے خدشے کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔اسرائیلی دفاعی ذرائع کے مطابق، شہر میں سیکیورٹی الرٹ برقرار ہے اور عوام کو بنکروں کے قریب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔












